اسلام کو بزنس بنانے والوں کو اب نہ نوکری ملے گی نہ روپیہ:محسن نقوی سینیٹ میں مولانا پر پھٹ پڑے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کی سیاست کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید ترین الفاظ میں نشانہ بنایا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ ماضی میں مولانا فضل الرحمان کا دل سے احترام کرتے تھے لیکن ریاست مخالف بیانات کے بعد ان کے دل میں مولانا کی کوئی عزت نہیں رہی اور اب انہیں ریاست کی طرف سے کوئی نوکری یا مالی فائدہ نہیں ملے گا۔

سینیٹ میںاظہار خیال کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ اسلام کو صرف اپنے بزنس اور سیاسی مفادات کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ان لوگوں کو ریاست سے مال ملتا رہے تو ریاست ان کے لیے اچھی ہوتی ہے، اور جیسے ہی مال ملنا بند ہو جائے تو یہ لوگ ریاست کے ہی خلاف محاذ کھول لیتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے ایوان میں انکشاف کیا کہ گورنر راج سے پہلے یہی لوگ ان سے منتیں کرتے تھے کہ ہماری ان سے جان چھڑوائی جائے لیکن جب یہ ریاست کو اپنے مفاد کے لیے نچوڑتے ہیں تو پھر یہی ریاست ان کی ماں بن جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب چوری اور سینہ زوری نہیں چلے گی اور اپوزیشن اگر تنقید کرتی ہے تو پھر سچ سننے کا حوصلہ بھی رکھے۔

ایران دورے کی وضاحت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان کے خلاف بلاجواز مہم چلائی جا رہی تھی کہ وہ ایران دفاعی معاہدہ کرنے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ وزیراعظم کے دیے گئے خصوصی ٹاسک پر موجودہ بحران کے سلسلے میں گئے تھے کیونکہ انہیں باہر جانے کا کوئی شوق نہیں اور چونکہ بات چیت دفاعی امور پر نہیں تھی اسی لیے وزیر دفاع کے علم میں یہ معاملہ نہیں تھا۔

خطاب کے دوران جب کامران مرتضیٰ اور اپوزیشن اراکین نے شور شرابا اور ہنگامہ آرائی کی تو محسن نقوی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے ساتھیوں نے اداروں اور ریاست کے حوالے سے غلاظت بک کر احترام کی تمام گنجائشیں خود ختم کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت میں حصہ ملے تو ان کے نزدیک سب ٹھیک ہوتا ہے اور اگر حکومت میں کوئی کردار نہ ملے تو ریاست مخالف باتیں شروع کر دی جاتی ہیں تاہم اب انہیں ریاست سے کوئی پیسہ یا رعایت نہیں ملے گی۔

Scroll to Top