پشاور میں وائس چانسلرز کانفرنس ! جامعات میں منشیات اور منفی سرگرمیوں پر “زیرو ٹالرنس” کا اعلان!

سابقہ ادوار میں صوبے کی سرکاری جامعات میں پھیلنے والی انتظامی بدنظمی، مالی بے ضابطگیوں اور تعلیمی جمود کا خاتمہ کرتے ہوئے موجودہ صوبائی انتظامیہ نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں”صرف اعلان نہیں عملی کام “کے تحت ایک بڑا اور تاریخی قدم اٹھایا ہے۔

پشاور میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ممبر ایڈوائزری کونسل برائے تعلیم خیبرپختونخوا ڈاکٹر عامر عبداللہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سیکریٹری اعلیٰ تعلیم عابداللہ کاکاخیل، سپیشل سیکریٹری فضل حسین اور صوبے بھر کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر عبداللہ نے جامعات میں ماضی کے روایتی سست روی کے نظام پر کڑی تنقید کی اور خصوصاً داخلی آڈٹ (Internal Audit) کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا ہے اب جامعات کو اپنے مالیاتی نظام کی گورننس کو بہتر بنانا ہوگا اور دنیا کے جدید ترین ماڈل کے مطابق انڈوومنٹ فنڈز اور خود انحصاری کے ذرائع پیدا کرنے ہوں گے۔

ممبر ایڈوائزری کونسل نے کیمپسز کے امن و امان اور اخلاقی ماحول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسی بھی قسم کی منفی سرگرمی یا منشیات کی موجودگی پر “زیرو ٹالرنس “کی پالیسی ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہاسٹلز میں طلبہ کو اعلیٰ اور معیاری سہولیات فراہم کی جائیں اور منشیات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا تعاون بلا تاخیر حاصل کیا جائے۔

اعلیٰ تعلیم کی تاریخ کا احاطہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا خطہ قدیم دور میں تکشیلہ (ٹیکسلا) اور اسلامی تاریخ میں بیت الحکمت اور جامعہ القرویین کی صورت میں علم و تحقیق کا مرکز رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہماری جامعات بھی اسی علمی آزادی اور تحقیق کا مرکز بنیں۔

یہ بھی پڑھیں : صوابی میں رات گئے تجاوزات کے خلاف آپریشن نے مافیا کی نیندیں حرام کردیں !

انہوں نے ایک اور اہم اور مثبت اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس اور اصلاحات کے لیے کسی غیر ملکی یا مہنگے کنسلٹنٹ ادارے پر پیسے ضائع کرنے کے بجائے اپنے ہی تجربہ کار وائس چانسلرز اور ماہرین کی اجتماعی مشاورت سے قابلِ عمل سفارشات مرتب کی گئی ہیں، جو کے پی کے تعلیمی نظام میں ایک روشن سنگِ میل ثابت ہوں گی۔

Scroll to Top