عالمی تکنیکی اور طبی سائنس کی تاریخ میں ایک نیا اور غیر معمولی موڑ سامنے آ گیا ہے۔ امریکی ٹیکنالوجی جائنٹ مائیکروسافٹ کے ماہرین نےMAI-DxO نامی جدید ترین میڈیکل مصنوعی ذہانت (AI) ماڈل تیار کر لیا ہے جس نے پیچیدہ اور پراسرار بیماریوں کی بروقت و درست تشخیص میں روایتی اور تجربہ کار ڈاکٹروں کو بھی حیران کن حد تک پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
معروف امریکی جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق جب امریکا کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس میں سامنے آنے والے نازک اور پیچیدہ کیسز پر اس اے آئی سسٹم کو آزمایا گیا تو اس نے انسانی معالجین کے مقابلے میں 1.7 گنا زیادہ درست تشخیص کی۔
تحقیق کے دوران سامنے آنے والے ناقابلِ یقین اعداد و شمار نے دنیا بھر کے طبی اداروں کو ششدر کر دیا ہے۔
عام امراض کی تشخیص:اے آئی ماڈل نے 83.2 فیصد کامیابی حاصل کی، جبکہ تجربہ کار انسانی ڈاکٹر صرف 36.1 فیصد کامیابی حاصل کر سکے۔
ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے کیسز: اے آئی نظام نے80.3 فیصددرست تشخیص کی جبکہ انسانی معالجین کی کامیابی کا تناسب صرف 46.8 فیصدرہا۔
اس تاریخی پیش رفت کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ اے آئی نظام نے غیر ضروری اور مہنگے طبی ٹیسٹوں کا خاتمہ کر دیا ہے۔
نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ اس ماڈل نے ڈاکٹروں کے مقابلے میں محض نصف یا ایک تہائی اخراجات میں اور انتہائی کم ٹیسٹوں کی مدد سے فوری اور حتمی بیماری کی نشاندہی کی۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہMAI-DxO کا مقصد ہرگز ڈاکٹروں کی جگہ لینا یا انہیں معطل کرنا نہیں ہے بلکہ ان کی رہنمائی کرنا ہے۔
یہ نظام ڈاکٹروں کو مریض کی علامات، طبی تاریخ اور ٹیسٹوں کے تمام مرحلہ وار ڈیٹا کا تیزی سے موازنہ کر کے غلط تشخیص اور غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانے میں انقلابی معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : معروف ہارٹ سرجن ڈاکٹر آصف حسن کو پرائیڈ آف برطانیہ ایوارڈ سے نواز دیا گیا
شعبہ صحت میں اس تکنیکی تسلط نے نہ صرف مستقبل کے علاج معالجے کا نقشہ بدل دیا ہے بلکہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے سستے اور فوری علاج کی ایک نئی امید پیدا کر دی ہے۔





