پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور افسانوی فاسٹ بولروقار یونس کا قوم کے سٹار بیٹر بابر اعظم کے حق میں دیا گیا دبنگ اور جذباتی بیان اس وقت بھارتی اور عالمی میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وقار یونس نے بابر اعظم پر ہونے والی شدید تنقید کا پوسٹ مارٹم کرتے ہوئے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور کرکٹ بورڈ کے ڈھانچے کو آڑے ہاتھوں لیا۔
سابق کپتان وقار یونس نے بھارتی ٹیم کے عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر اور بھارتی کرکٹ کی تاریخ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سچن ٹنڈولکر نے جب تاریخ رقم کی تو وہ اکیلے نہیں تھے۔ ان کے ساتھ راہول ڈریوڈ، سارو گنگولی، وی وی ایس لکشمن اور وریندر سہواگ جیسے چار سے پانچ ورلڈ کلاس کرکٹرز کا مضبوط سہارا موجود تھا، جس سے سچن پر سے پریشر تقسیم ہو جاتا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ سب سے بڑا مسئلہ یہی ہے کہ وہ ٹیم میں بالکل تنہا پڑے ہوئے ہیں اور جب پوری ٹیم صرف ایک ہی کھلاڑی پر انحصار کرے گی تو اس پر غیر معمولی دباؤ آنا فطری بات ہے۔
وقار یونس نے گفتگو کے دوران تیکھا سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر آج کی ٹیم سے 90 کی دہائی کا موازنہ کیا جائے تو فرق واضح نظر آتا ہے۔
90 کی دہائی میں آپ پاکستان کے ٹاپ چھ کھلاڑیوں کا نام لیں تو سب کو برزبانی یاد ہوں گے لیکن آج بابر کے علاوہ آپ کو کون سا دوسرا بڑا نام یاد ہے؟ بابر نے شروع میں اتنا شاندار کھیل پیش کیا کہ لوگوں کی توقعات آسمان پر پہنچ گئیں اور اب اگر وہ چار سے پانچ میچز میں پرفارم نہ کرے تو پورا ملک اس پر چڑھ دوڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ون ڈے کرکٹ میں شاہین آفریدی کا نیا ریکارڈ
وقار یونس کے اس وائرل بیان نے نہ صرف قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کے کھوکھلے پن کو بے نقاب کر دیا ہے بلکہ بھارتی میڈیا پر بھی یہ بحث چھیڑ دی ہے کہ بابر اعظم جیسا ورلڈ کلاس بیٹر مضبوط مڈل آرڈر اور مستقل ساتھی نہ ہونے کی وجہ سے شدید ذہنی و تکنیکی دباؤ کا شکار ہے۔





