سہیل آفریدی کے خلاف گھیرا تنگ، کرپشن کی چارج شیٹ تیار، جلد حقائق عوام کے سامنے لائیں گے، ثمر ہارون بلور

خیبرپختونخوا کی مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ بیرسٹر سیف اور ان کی پارٹی کے اندر سے اٹھنے والی آوازوں نے ہمارے مؤقف کی تائید کر دی ہے۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ سہیل آفریدی تاحال پروٹیکٹو کسٹڈی میں ہیں، ان سے متعلق تازہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن سے متعلق جو شواہد ہمارے ہاتھ لگے ہیں انہیں مرتب کیا جا رہا ہے اور سہیل آفریدی کے خلاف ثابت ہونے والی چارج شیٹ عوام کے سامنے لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پشاور میں تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی سفارش نہیں چلے گی۔

سرکاری نالوں اور گرین بیلٹس پر قائم تجاوزات ختم کرائی جا رہی ہیں، جبکہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد متاثرہ مقامات کو خوبصورت انداز میں بحال کیا جائے گا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اربن سینی ٹیشن اور ڈبلیو ایس ایس پی کا عملہ رات گئے تک صفائی کے کاموں میں مصروف ہے،  پشاور میں صفائی اور ویسٹ کلیکشن کا مؤثر نظام بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی نوجوان نسل کے لیے خیبر ٹی وی کے تعاون سے ایک نیا منصوبہ جلد متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی خدمات ایک مشترکہ ڈیجیٹل پورٹل پر دستیاب کر دی گئی ہیں، جس کے ذریعے شہریوں کو مختلف سرکاری خدمات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔

Scroll to Top