خیبر سٹار ٹیلنٹ پروگرام، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت خیبر سٹار ٹیلنٹ اینڈ کلچرل پروموشن پروگرام سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، سیکرٹری اطلاعات محمد بختیار خان، سیکرٹری کھیل محمد آصف سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو پروگرام کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار، انتخاب کے مراحل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دینا اور خیبرپختونخوا کی ثقافت، روایات اور لسانی تنوع کو اجاگر کرنا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے لیے آڈیشن صوبے کے مختلف اضلاع میں منعقد کیے جائیں گے، جبکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ خیبر سٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں اردو سمیت خیبرپختونخوا میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے آڈیشن میں سرائیکی زبان کو بھی شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرائیکی سندھ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پنجاب میں بھی بولی جانے والی ایک اہم زبان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر فیصل کریم کنڈی کا عزم: خیبرپختونخوا کو توانائی میں خودکفیل بنانے کا بڑا فیصلہ!

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے مختلف صوبوں کو آپس میں جوڑنا مقصود ہے۔ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، جسے پوری دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے نوجوانوں کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

Scroll to Top