سعودی عرب کے ویزوں سے متعلق بڑی خوشخبری

پاکستان میں سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے پاکستانی شہریوں کی ویزا درخواستوں پر اسی روزکارروائی کی سہولت متعارف کرانے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ملاقات کے دوران سعودی سفیر نے بتایا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سرگرمیوں، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کو زبردست فروغ ملے گا۔

انہوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ بھی کیا۔

اس اہم ملاقات کے دوران پاکستان نے سعودی کمپنیوں کو ملک میں تجارتی بنیادوں پر تیل کے ذخائر اور اسٹوریج کی سہولیات قائم کرنے کی رسمی دعوت دی ہے جس کے لیے حکومت نے ٹیکس سے مستثنیٰ بانڈڈ اسٹوریج پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم کے مطابق نئی پالیسی کے تحت سعودی عرب کو سمندری راستوں کے ذریعے سپلائی میں ممکنہ خطرات کم کرنے اور ایشیائی منڈیوں تک رسائی میں بڑی مدد ملے گی۔

ملاقات میں بلوچستان کے علاقے حب میں پیٹرولیم ذخیرہ کرنے اور ریفائننگ کا ایک بڑا کمپلیکس قائم کرنے کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی تاکہ پاکستان کا علاقائی توانائی راہداری کے طور پر کردار مزید مستحکم ہو۔

یہ بھی پڑھیں : اکتوبر کے لیے آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافہ ،نوٹیفکیشن جاری

اس کے علاوہ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے سعودی نائب وزیر برائے معدنی وسائل خالد کو 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے “پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم” میں شرکت کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

Scroll to Top