خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں گزشتہ 13 سال کے طویل پی ٹی آئی دورِ حکومت کے دوران عوام جن ناانصافیوں، بدانتظامی، اور عدم توجہی کا شکار رہے موجودہ پولیس انتظامیہ نے بالآخر ان مظلوموں کی داد رسی کر کے ان کا ہاتھ تھام لیا ہے۔
سابقہ دور کے تاریک اور کرپٹ اثرات کو مٹاتے ہوئے موجودہ انتظامیہ نے ضلع میں قانون کی حکمرانی اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے عملی اور انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) صوابی وقاص رفیق نے ایک بہترین اور مثال قائم کرنے والی پیش رفت کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر خود براہِ راست شنوائی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بلا تاخیر انصاف اور ریلیف کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
پچھلے 13 برسوں میں جہاں عام شہریوں کی سنے والا کوئی نہیں تھا اور تھانہ کلچر کے باعث لوگ بنیادی انصاف کو ترستے تھے وہاں ڈی پی او صوابی وقاص رفیق روزانہ خود شہریوں کی عوامی درخواستیں اور تمام تر شکایات سن رہے ہیں۔
مسائل کو اولیت اور ترجیحی بنیادوں پر پرکھتے ہوئے موقع پر ہی متعلقہ ایس ایچ اوز اور پولیس افسران کو قانونی اور لازمی احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او کا واضح حکم ہے کہ ہر درخواست پر کسی سفارش یا دباؤ کے بغیرصرف میرٹ اور آئین و قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کی داد رسی میں ذرہ برابر سستی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
ڈی پی او کی روزانہ کی کھلی سماعت میں سنگین اور دیرینہ نوعیت کے متعدد معاملات سامنے آ رہے ہیں، جن میں دشمنی اور دیرینہ خصومت کے شدید تنازعات، جائیداد، زمین اور مکانات پر قبضے کے تنازعات، بدمعاش اور جعلی ویزوں کا جھانسا دینے والے ایجنٹوں کے خلاف عوامی شکایات، شہریوں کی ناجائز ہتھیائی گئی رقم اور مال کی واپسی ،دھمکیاں دینے اور خواتین پر ظلم اور گھریلو ناچاقی کے مسائل شامل ہیں ۔
ان تمام نوعیت کے کیسز کو یکسر نظر انداز کرنے کے سابقہ روایتی طرزِ عمل کے برعکس اب صوابی پولیس ان پر تیز ترین پیش رفت کر رہی ہے۔
ڈی پی او وقاص رفیق نے تمام متعلقہ افسران کو حتمی ہدایت کی ہے کہ عام شہریوں کی شکایات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے۔ تمام تر معملات کی بالکل شفاف اور بلامیلاوٹ انکوائری کو یقینی بنایا جائے تاکہ حقیقی معنوں میں حقدار کو اس کا حق اور مظلوم کو بروقت انصاف مل سکے۔
یہ بھی پڑھیں : لینڈ مافیا کا گھیراؤ : صوابی پولیس کا زیرو ٹالرنس فارمولا ، فوری انصاف شروع!
ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت اور پاسداری صوابی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کی دکھی باتیں سننا ان کی قانونی شکایات کا ازالہ کرنا اور انہیں بغیر کسی رشوت یا سفارش کے شفاف انصاف مہیا کرنا صوابی پولیس کی نئی عوام دوست پالیسی کا بنیادی محور ہے۔
انتظامیہ کے ان مستحکم اقدامات سے صوابی کے عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے اور پولیس کے اس نئے باوقار کردار کو شدید سراہا جا رہا ہے۔





