جعلی ادویات سے ہوشیار! اصلی اور نقلی دوا پہچاننے کا آسان طریقہ سامنے آ گیا!

پاکستان میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کے سیاہ کاروبار کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے وفاقی حکومت نے ایک انقلابی اور جدید ترین نظام متعارف کروانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے عوام کے لیے اصل اور نقلی ادویات کی فوری پہچان کا انتہائی آسان طریقہ بتا کر ایوان اور عوام کی توجہ حاصل کر لی۔

وزیر صحت نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک بھر سے جعلی ادویات کا مکمل خاتمہ کرے گی اور اس مقصد کے لیے ڈریپ (DRAP) کو بے شمار و وسیع اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں جبکہ اس وقت حکومت کے پاس 75 ہزار ادویات کا مکمل ڈیٹا بیس موجود ہے۔

مصطفیٰ کمال نے انکشاف کیا کہ جعلی ادویات کی فوری شناخت کا جدید ڈیجیٹل نظام اگلے ماہ سے باقاعدہ کام کرنا شروع کر دے گا۔ شہری اپنے موبائل فون ایپ اور بار کوڈ (Bar Code) کے ذریعے دوا کی اصلیت منٹوں میں جان سکیں گے۔

انہوں نے عوام کو ہدایت کی کہ نومبر کے آخر سے جب بھی کوئی شخص میڈیکل اسٹور پر دوا خریدنے جائے تو وہ اپنا اسمارٹ فون ساتھ رکھنا نہ بھولے۔ دوا کی شیشی یا پیکٹ پر موجود بار کوڈ کو اسکین کرتے ہی حقیقت سامنے آ جائے گی—اگر دوا جعلی یا غیر معیاری ہوئی تو اسکرین پر سرخ نشان (Red Signal) نمودار ہو جائے گا۔

صحت کے بجٹ کے حوالے سے وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بجٹ میں غیر ملکی امداد کا حصہ صرف 3 فیصد ہے جس کا بڑا حصہ اس وقت ویکسینیشن کی مد میں آ رہا ہے۔ تاہم 2030 تک پاکستان کو تمام ویکسینز مکمل طور پر اپنے بجٹ سے خود خریدنا ہوں گی جس پر1.2 ارب ڈالرکا بھاری خرچہ آئے گا اور اس کی تیاری ابھی سے شروع کرنا ناگزیر ہے۔

فلو ویکسین کے شارٹیج کے تاثر کو رد کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں فلو ویکسین کے 4 برانڈز موجود تھے جن میں سے 2 برانڈز نے من مانیاں کرتے ہوئے قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا۔

حکومت کی جانب سے قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہ ملنے پر ان دو برانڈز نے ویکسین کی درآمد بند کر دی مگر اس کے باوجود پاکستان میں فلو ویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے۔

وزیر صحت نے ایک اور بڑی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چین نے 98 کروڑ روپے کی لاگت سے پاکستان کو ایک شاندار اسپتال تحفے میں دیا تھا لیکن سابقہ لاپرواہی کی وجہ سے یہ بے کار پڑا رہا اور اس کی قیمتی مشینیں ناکارہ ہو رہی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : برسوں کی ناانصافیوں کا حساب شروع! صوابی پولیس نے مظلوموں کا ہاتھ تھام لیا!

موجودہ حکومت نے اسے فوری طور پر سرکاری اسپتال کی شکل دی اور شفاف طریقے سے انڈس اسپتال (Indus Hospital) نے اسے چلانے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

182 بیڈز پر مشتمل یہ جدید اسپتال اب مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے اور اب یہ کبھی بند نہیں ہوگا، جس سے روزانہ ہزاروں شہریوں کو علاج معالجے کی باوقار سہولیات میسر آئیں گی۔

Scroll to Top