پاکستان میں امریکہ دشمنی کا ناٹک، نئی دہلی میں واشنگٹن کی نوکری: مولانا کے دغلے پن کا پول برطانوی اخبار نے کھول دیا

پاکستان میں ہمیشہ مذہب، جہاد اور امریکہ مخالف نعروں کی آڑ میں اپنی سیاست چمکانے والے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے جولائی 2003 کے دورہ بھارت سے متعلق معروف برطانوی اخباردی ٹیلی گراف کی رپورٹ ایک دفعہ پھر منظر عام پر آگئی ہے۔

‘دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق، مولانا فضل الرحمان کے اس دورہ بھارت کا بنیادی مقصد واشنگٹن کو یہ پیغام دینا تھا کہ وہ پاکستان میں امریکہ کے لیے ایک لچکدار اور اعتدال پسند مہرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مولانا نے وہاں بھارتی مسلمانوں کو یہ مشورہ دیا کہ وہ کشمیر کے پیچھے لگ کر اپنی دیگر عالمی ذمہ داریوں سے توجہ نہ ہٹائیں، اور یوں بڑی چالاکی سے کشمیر کو ایک ثانوی مسئلہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق جہاں بھارتی وزیراعظم واجپائی نے اس وقت کے پاکستانی صدر، وزیراعظم اور حریت رہنماؤں تک سے ملنے سے صاف انکار کر دیا تھا، وہیں طالبان اور عسکری تنظیموں کی سرپرستی کا ریکارڈ رکھنے والے مولانا کو اپنی سرکاری رہائش گاہ پر خصوصی طور پر خوش آمدید کہا گیا۔

دیوبند میں کھڑے ہو کر مولانا نے کشمیر کو مذہبی یا نظریاتی مسئلہ ماننے سے ہی انکار کر دیا اور اسے محض دو ملکوں کے درمیان زمین کا ایک معمولی جھگڑا قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پسِ پشت ڈال کر شملہ معاہدے کی حمایت کی اور لائن آف کنٹرول (LoC) کو مستقل سرحد تسلیم کرنے کی تجویز پیش کی۔

برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف کے مطابق نئی دہلی کے طاقتور حلقوں کی مکمل سہولت کاری سے مولانا نے مسلمانوں کی قاتل ہندوتوا تنظیم آر ایس ایس (RSS) کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کی وکالت کی۔ بھارتی سرزمین پر کھڑے ہو کر کٹرہ اور ٹانڈہ آرمی کیمپ پر ہونے والے عسکری حملوں کی کھل کر مذمت کی گئی تاکہ نئی دہلی کے حکمرانوں کو خوش کیا جا سکے۔

برطانوی اور بھارتی اخبارات نے یہ بھی انکشاف کیا کہ پاکستان واپس آ کر بھی مولانا اپنے اسی ایجنڈے پر قائم رہے اور اعلان کیا کہ کشمیری حریت پسند ہمیشہ کے لیے مسلح جدوجہد جاری نہیں رکھ سکتے۔ جو سودے بازی اس وقت کے حکمران جنرل مشرف یا ظفر اللہ جمالی غداری کے خوف سے براہِ راست نہیں کر سکتے تھےاس مکروہ سودے کو سیاسی اور مذہبی جواز فراہم کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان کو بطور آلہ کار استعمال کیا گیا۔ اس دورے کا اصل مقصد ہندو انتہا پسند تنظیموں سے براہِ راست رابطے جوڑنا تھا، یہی وجہ ہے کہ مولانا نے واجپائی کو بی جے پی اور آر ایس ایس کے وفود پاکستان بھیجنے کی باقاعدہ دعوت بھی دی۔

Scroll to Top