(غلام اکبر مروت)جوڈیشل کمپلیکس لکی مروت میں ایڈیشنل سیشن جج فور کی عدالت کے باہر نامعلوم افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزم کرامت اللہ جاں بحق ہو گیاجبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات جاوید اقبال ایڈووکیٹ سمیت دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
اچانک فائرنگ کے بعد کچہری کے احاطے میں شدید بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعہ پیش آتے ہی ریسکیو اور پولیس ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لکی مروت منتقل کیا۔
ہسپتال انتظامیہ نے ملزم کرامت اللہ کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ زخمیوں میں پی پی پی رہنما جاوید اقبال ایڈووکیٹ اور انشاء اللہ شامل ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق جاوید اقبال ایڈووکیٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ شدید زخمی انشاء اللہ کا تشویشناک حالت میں آپریشن جاری ہے۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے سیل کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں سونے کی قیمت میں حیران کن کمی
ابتدائی تحقیقات اور پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ملزمان اور فریقِ ثانی کے درمیان طویل عرصے سے چلی آرہی قتل مقاتلے کی پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔





