فخر زمان کی جارحانہ سنچری اور سعد بیگ و عرفات منہاس کی بااثر بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز فائنل میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرائی نیشن سیریز کی ٹرافی اپنے نام کر لی ہے۔
لاہور میں کھیلے گئے فائنل معرکے میں پاکستان نے سری لنکا کا دیا گیا 326 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
قومی اوپنر فخر زمان نے 99 گیندوں پر 11 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو ان کے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری ہے۔
ہدف کے تعاقب میں بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئےتاہم وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے 74 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا دیا جبکہ حسن نواز نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ آخر میں آل راؤنڈر عرفات منہاس نے محض 31 گیندوں پر 61 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت پر مہر ثبت کی۔
قبل ازیں، سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 325 رنز بنائے تھے جس میں کمندو مینڈس کی 131 رنز کی سنچری اور پون رتنائکے کے 77 رنز شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور سلمان علی آغا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں : انتخابی اصلاحات کمیٹی: پیپلز پارٹی کے پی ٹی آئی سے رابطے، کمیٹی کی سربراہی دینے کی پیشکش
سری لنکا کے لیے مدھوشنکا نے تین اور فرنینڈو نے دو وکٹیں لیں لیکن وہ قومی بیٹرز کا طوفان روکنے میں ناکام رہے۔ شاندار سنچری اسکور کرنے پر فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔





