خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر امپروومنٹ پروجیکٹ میں 12 ارب سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

خیبرپختونخوا کے ہیلتھ کیئر امپروومنٹ پروجیکٹ (HCIP) میں مبینہ مالی بدعنوانی، غیر مسابقتی خریداری، ٹھیکوں کی من مانی تقسیم اور ملازمین کے نظام میں سنگین خامیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

اس منصوبے سے جڑے تقریباً 12 ارب روپے سے زائد کے ممکنہ مالی نقصانات اور بے ضابطگیوں کی مکمل تحقیقات کا پرزور مطالبہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان مبینہ گڑبڑوں کا تعلق ہسپتالوں کی تعمیر، ادویات، خاندانی منصوبہ بندی کی اشیاء، طبی آلات، فرنیچر، سولر سسٹمز، صفائی کے ٹھیکوں اور عملے کی تنخواہوں سے ہے۔ اس معاملے پر شکایت کنندہ نے تمام امور کی آزادانہ تحقیقات، خصوصی فارنزک آڈٹ، غیر قانونی ادائیگیوں کی ریکوری اور ذمہ داروں کے کٹہرے میں لانے کے لیے قومی احتساب بیورو (NAB) سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

آڈٹ میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ پروجیکٹ کے تحت 1.5 ارب روپے سے زائد مالیت کی ادویات اور فیملی پلاننگ کا سامان کھلی مارکیٹ سے بغیر مسابقتی بولی اور لازمی جانچ پڑتال کے خریدا گیا۔ اس حوالے سے 12 نومبر 2025 کو ہونے والے ایک اجلاس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد بلال خان کی جانب سے غیر مجاز خریداری تسلیم کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے جبکہ یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ خاندانی منصوبہ بندی کی سرگرمیاں محکمہ بہبودِ آبادی کے بجائے پروجیکٹ کے اپنے انتظامی یونٹ کے ذریعے کیوں چلائی گئیں۔

سیلاب سے متاثرہ بنیادی مراکز صحت اور ہسپتالوں کی مختلف حصوں کی تعمیر کے 9 بڑے ٹھیکوں پر بھی سخت اعتراضات جڑے ہوئے ہیں۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق کم ترین ریٹ دینے والوں کو نظر انداز کر کے مخصوص کمپنیوں کو نوازا گیا اور تخمینوں میں ردوبدل کی گئی۔ ان تعمیراتی امور میں ممکنہ مالی خطرے یا بے ضابطگی کا حجم 7.8 ارب روپے تک بتایا گیا ہے جبکہ تکنیکی شرائط بدل کر لاگت میں ہوشربا اضافہ کرنے کے الزامات بھی شامل ہیں. ان تمام نکات کی تصدیق کے لیے اصل ٹینڈر پیپرز، بولی دہندگان کی فہرستوں، معاہدوں اور انجینئرنگ رپورٹس کا تقابلی جائزہ لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسی طرح ہسپتالوں کے لیے فرنیچر، میڈیکل آلات اور سولر سسٹمز کی خریداری میں بھی ضابطوں کی دھجیاں اڑائی گئیں۔الزام ہے کہ یہ سامان مارکیٹ ریٹ سے کئی گنا زیادہ داموں خریدا گیا اور معیار پر آواز اٹھانے والے مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کے ایک اہلکار کو دباؤ اور نوکری سے برطرفی کا سامنا کرنا پڑا، اس مد میں ممکنہ زائد ادائیگیوں کا حجم 2 ارب روپے سے زائد ظاہر کیا گیا ہے۔ نشترآباد جنرل ہسپتال کے 700 ملین روپے سے زائد کے مالی امور پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں کیونکہ طبی آلات کی ضرورت کا درست تعین نہیں کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ رپورٹ میں نرسنگ اور معاون عملے کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جنسی استحصال کے واقعات کو دبانے کے سنگین الزامات بھی درج ہیں، جن کا تعلق 512 ملین روپے سے زائد مالیت کے صفائی کے معاہدوں سے جوڑا گیا ہے۔

طبی جراثیم کشی کے آلے (آٹو کلیو بمعہ شریڈر) کی خریداری پر بھی کڑا اعتراض اٹھایا گیا ہے۔ الزام ہے کہ ایک ایکسپائرڈ ٹینڈر کو دوبارہ کارآمد بنا کر من پسند کمپنی کو فائدہ پہنچایا گیا اور شرائط کے ذریعے دیگر امیدواروں کو دوڑ سے باہر کیا گیا، جس سے 3.2 ارب روپے کا مالی معاملہ جڑا ہوا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق صفائی اور سکیورٹی کے معاہدوں میں 700 سے زائد فرضی ملازمین کے موجود ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ تنخواہیں نقد دینے اور حاضری کا کوئی مستند ریکارڈ نہ ہونے کے الزامات کے ساتھ ساتھ پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد بلال خان، ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سمیرا سعید اور سابق سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان کے کردار پر بھی سوالیہ نشان لگائے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے سیکرٹری عدیل شاہ کو مارچ سے جون 2025 کے دوران ان تمام بے ضابطگیوں سے آگاہ کیا جا چکا تھاجبکہ انسداد بدعنوانی کے سابق مشیر بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی اور نیب کے ڈائریکٹر جنرل فرمان اللہ کو بھی اس بارے میں مطلع کرنے کے دعوے سامنے آئے ہیں۔

Scroll to Top