چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ویلڈن گرین شرٹس، ویلڈن فخر زمان! فائنل میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو آؤٹ کلاس کیا اور فتح اپنے نام کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فخر زمان، عرفات منہاس اور سعد بیگ کی جارحانہ بیٹنگ نے ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ تمام کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ جذبے، لگن اور عزم کے ساتھ میدان میں اترا جائے تو کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ ٹیم نے پورے میچ میں بہترین نظم و ضبط اور کمال مہارت کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز کی یہ کامیابی کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی سخت محنت کا نتیجہ ہے، جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا کر ٹرائی سیریز اپنے نام کر لی
محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔





