وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی سے مسلسل انکار پاکستان اور افغانستان کے درمیان معمول کے تعلقات کی بحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان میں افغان طالبان ترجمان کے حالیہ بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ طالبان قیادت مسلسل اسلام آباد کی پالیسیوں پر الزام تراشی کر رہی ہے، جبکہ افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کو دانستہ نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
بیان کے مطابق پاک افغان کشیدہ تعلقات کی بنیادی وجہ دہشت گردی کے معاملے پر افغان طالبان حکومت کا غیر مؤثر طرزِ عمل ہے۔ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ دہشت گردی ایک ریڈ لائن ہے اور اپنے شہریوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے پار موجود ایسی دہشت گرد پناہ گاہوں کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا جو ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے، جبکہ ان خطرات سے نمٹنے کی براہ راست ذمہ داری افغان طالبان حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حکومت کو کون غلط گائیڈ کر رہا ہے؟ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا حقائق کے منافی بیان شواہد کی روشنی میں مسترد
وزارت اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جانب سے اپنے عوام کے تحفظ کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ الزام تراشی، کھوکھلی یقین دہانیوں اور پاکستان کی پالیسیوں پر سوالات اٹھانے سے موجودہ بحران حل نہیں ہوگا اور نہ ہی کابل اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہوسکے گا۔
بیان میں افغان طالبان قیادت پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی ترجیحات درست کرے اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کے تدارک کے لیے عملی اقدامات کرے۔ پاکستان کی سلامتی کو افغان طالبان حکومت کی بے عملی، ٹال مٹول یا غلط ترجیحات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔





