بلوچستان میں مزید متعدد خاندانوں کا دہشت گردی میں ملوث بیٹوں اور بھائیوں سے لاتعلقی کا اعلان

کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں باشعور اور غیور عوام نے ملک دشمن عناصر اور دہشت گرد تنظمیوں کا چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے ایک بار پھر وطنِ عزیز سے محبت کا ثبوت دیا ہے۔

صوبے کے متعدد خاندانوں نے سیکیورٹی فورسز اور ریاست کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث اپنے بیٹوں اور بھائیوں سے باقاعدہ اور مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے اور فتنہ الہندوستان اور اس کے آلہ کاروں سے شدید نفرت کا اظہار کیا ہے۔

مختلف اضلاع سے لاتعلقی کے اعلانات

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جہانزیب، نور زیب، انور، مجیب، قاسم اور عبیداللہ کے اہلخانہ نے پریس کانفرنس اور باضابطہ بیانات کے ذریعے ان سے ہر قسم کا تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسی طرح ضلع مستونگ سے تعلق رکھنے والے یونس شاہوانی کے خاندان نے بھی اس کے کسی بھی غیر قانونی اور ملک دشمن عمل سے خود کو یکسر الگ کر لیا ہے۔

دوسری جانب ضلع کچھی میں بھی عنایت اللہ، عبدالنافع، طائب اور یاسر کے اہلخانہ نے ان کے دہشت گردانہ راستے پر چلنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

اہلخانہ کے موقف اور شواہد

متاثرہ خاندانوں کا کہنا تھا کہ ان کے پیارے گھروں سے لاپتا ہونے کے بعد ملک دشمن دہشت گرد تنظیموں کی ترغیب کا شکار ہوئے اور غیر قانونی و پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے چھوڑے ہوئے ہتھیاروں کا پاکستان کے خلاف استعمال، کابل کی سرپرستی اور خوارجیوں کا خونی نیٹ ورک عیاں

خاندانوں نے واضح طور پر کہا کہ وطن اور قوم کی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں، لہٰذا جو افراد ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائیں گے یا دہشت گردوں کے شوم ایجنڈے کا حصہ بنیں گے، ان سے ان کا کوئی خونی يا اخلاقی تعلق باقی نہیں رہے گا۔

108 سے زائد خاندانوں کا تاریخی قدم

سرکاری اور مصدقہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 108 سے زائد خاندان سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملے کرنے والے اپنے دہشت گرد بیٹوں اور بھائیوں سے علانیہ لاتعلقی کا اظہار کر چکے ہیں۔

عوامی اور دفاعی تجزاری نگاروں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے غیور قبائل اور خاندانوں کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا بائیکاٹ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ خطے کے عوام اب فتنہ الہندوستان اور بیرونِ ملک بیٹھ کر نوجوانوں کو ورغلانے والے عناصر کے اصلی روپ کو پہچان چکے ہیں اور ریاستِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Scroll to Top