شاکر خان
میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ کے گاؤں تپی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا، جبکہ دونوں بھائیوں کے ناگہانی انتقال پر اہلِ خانہ، عزیز و اقارب اور تعلیمی حلقوں میں گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے شدید کرنٹ کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کی شناخت عبداللہ نور اور اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں پیشے کے اعتبار سے اساتذہ تھے اور علاقے میں تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔
معلومات کے مطابق عبداللہ نور گورنمنٹ ہائی سکول میرانشاہ میں بطور استاد فرائض انجام دے رہے تھے، جبکہ ان کے بھائی اشرف میرانشاہ ماڈل سکول سے وابستہ تھے۔ دونوں بھائیوں کی ایک ہی حادثے میں موت کی خبر سامنے آنے پر علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
یہ بھی پڑھیں : افغان تابعیت سے پاکستانی شناخت کا جعلی سفر، عبدالمناف کے خاندان کو خلافِ ضابطہ شہریت، نادرا پر ننگا دباؤ اور فضل الرحمٰن پر غداری کی تحقیقات کا شدید مطالبہ
ایک ہی خاندان کے دو افراد، وہ بھی دونوں اساتذہ، کی اچانک وفات کو تعلیمی حلقوں کے لیے بڑا صدمہ قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی اساتذہ، طلبہ اور شہریوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
دونوں بھائیوں کے انتقال سے خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے، جبکہ علاقے میں ہر آنکھ اشکبار اور فضا سوگوار ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عبداللہ نور اور اشرف کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔





