پشاور: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے بی آر ٹی پشاور منصوبے سے متعلق کرپشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے میں بدعنوانی کا کوئی کیس نہیں تھا بلکہ قومی احتساب بیورو (نیب) میں اٹھائے گئے اعتراضات تکنیکی ڈیزائن سے متعلق تھے، جنہیں بعد ازاں دور کر دیا گیا تھا۔ ان کے مطابق نیب نے بھی اس معاملے کو ختم کر دیا تھا اور پشاور ہائی کورٹ میں بھی کیس ختم ہو چکا ہے۔
پرویز خٹک نے بی آر ٹی پشاور سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے حقائق کے برعکس قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے حوالے سے حقائق کو درست انداز میں پیش کیا جانا چاہیے، کیونکہ اس معاملے پر پہلے ہی متعلقہ فورمز پر کارروائی ہو چکی ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بی آر ٹی منصوبے پر نیب میں کرپشن کا کوئی مقدمہ نہیں تھا، بلکہ بعض تکنیکی اور ڈیزائن سے متعلق اعتراضات سامنے آئے تھے۔ ان اعتراضات کو دور کیا گیا اور منصوبے کو شفاف قرار دیا گیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب میں معاملہ ختم ہونے کے ساتھ پشاور ہائی کورٹ میں بھی اس حوالے سے کیس ختم ہو چکا ہے، اس لیے منصوبے کو کرپشن سے جوڑ کر پیش کرنا درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : غیر قانونی افغان مہاجرین کو واپس جانا ہوگا، ویزا لگوا کر دوبارہ آئیں، گورنر فیصل کریم کنڈی کا دوٹوک اعلان
پرویز خٹک نے اعلان کیا کہ وہ بی آر ٹی پشاور سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کا معاملہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی اٹھائیں گے اور اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ ان کے مطابق اس معاملے پر وزیراعظم کو حقائق سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی باقی نہ رہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ اگر حقائق سامنے آنے کے باوجود کسی نے بی آر ٹی پشاور کے حوالے سے کرپشن کے الزامات عائد کیے تو وہ متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
انہوں نے اپنے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے پر لگائے جانے والے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں اور ایسے الزامات کے ذریعے منصوبے کو متنازع بنانے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔





