شاہد جان
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں افغان مہاجرین کے حوالے سے وہی پالیسی نافذ ہے جو وفاقی حکومت کی ہے۔
غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو پاکستان چھوڑنا ہوگا اور دوبارہ آنے کے لیے باقاعدہ ویزا حاصل کرنا پڑے گا۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں ویزا ختم ہونے کے بعد کسی غیر ملکی کو غیر قانونی طور پر قیام کی اجازت نہیں دی جاتی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے صوبائی حکومت کی پالیسی وفاقی حکومت سے مختلف نہیں ہے اور اس معاملے میں وفاقی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر کسی غیر ملکی کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
گورنر نے صوبے میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں بھی غیر قانونی تعمیرات موجود ہیں، انہیں ختم کیا جائے گا، چاہے وہ کینٹ کے علاقے میں ہی کیوں نہ ہوں۔
تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض لوگوں کے ساتھ زیادتی بھی ہوئی ہے، کیونکہ ٹی ایم اے کے بعض اہلکاروں نے مبینہ طور پر پیسے لے کر لوگوں کو تعمیرات کی اجازت دی تھی۔ ایسے معاملات کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ جن افراد کو متعلقہ اہلکاروں نے اجازت دی، ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جا سکے۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی
بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے حوالے سے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اس مسئلے پر کارروائی کی جائے گی اور آئندہ چند روز میں اس سلسلے میں کام شروع کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر امپروومنٹ پروجیکٹ میں 12 ارب سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ گورنر نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ضمانت دیتے ہیں کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا کے لیے 160 ارب روپے، 60 فیصد حصہ محروم علاقوں کو ملے گا
گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ وزیراعظم کی مہربانی سے صوبے کے لیے 160 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈز کا 60 فیصد حصہ ان علاقوں اور لوگوں پر خرچ کیا جائے گا جنہیں اب تک بنیادی سہولیات میسر نہیں آ سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محروم علاقوں کو ترجیح دے کر وہاں ترقیاتی کام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم کی جا سکیں۔
سہیل آفریدی سمیت کسی کو کرپشن پر رعایت نہیں ملے گی، گورنر
سیاسی شخصیات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر سہیل آفریدی یا کسی بھی دوسرے شخص پر کرپشن ثابت ہوتی ہے تو اسے اس کا سامنا کرنا ہوگا۔ کرپشن کے معاملے میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے اور الزامات کی صورت میں متعلقہ شخص کو قانونی اور متعلقہ فورمز پر اپنا مؤقف پیش کرنا ہوگا۔
صحت کے شعبے میں بھی بڑے مسائل کی نشاندہی
دوسری جانب پاکستان ایسوسی ایشن آف یورولوجی کی یورولوجیکل کانفرنس 2026 سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے صحت کے شعبے کو انتہائی اہم قرار دیا اور کانفرنس میں شرکت کی دعوت دینے پر ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : بندوق نہیں قلم، میدان جنگ نہیں کھیل کے میدان آباد کریں گے: گورنر فیصل کریم کنڈی
انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز یورولوجی کے شعبے میں تحقیق کے نئے راستے کھول رہی ہیں۔ پاکستان ایسوسی ایشن آف یورولوجی صوبے میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
گورنر کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں عوام کو صحت کے حوالے سے مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔ میڈیکل فیکلٹی، ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسرے صوبوں کی نقل کرنے کے بجائے ان سے بہتر نظام متعارف کرانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ڈاکٹرز کو جس تعاون کی ضرورت ہوگی، وہ فراہم کیا جائے گا اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
70 ہزار ڈاکٹرز کی تنخواہیں کم، چلڈرن ہسپتال 13 سال سے نامکمل
گورنر فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ صوبے میں تقریباً 70 ہزار ڈاکٹرز کی تنخواہیں بہت کم ہیں، جن میں بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چلڈرن اسپتال گزشتہ 13 سال سے مکمل نہیں ہو سکا، جبکہ ان کے مطابق گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے میں کوئی ہسپتال تعمیر نہیں کیا گیا۔
انہوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر کمیونٹی کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی، تاہم مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے صوبوں میں جانے کے بجائے اپنے صوبے ہی میں تمام ضروری طبی سہولیات ملنی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں شہدا کے بچوں کے لیے ’فخرِ شہدا اسکالرشپ پروگرام‘ کا شاندار آغاز
گورنر کا کہنا تھا کہ انہیں کسی نام یا تختی کی ضرورت نہیں، اصل مقصد عوام کی خدمت اور صحت کے نظام میں بہتری لانا ہے۔ صوبے کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی اور نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور معاونت کی جائے گی۔
مل کر بدلتا اور نکھرتا خیبرپختونخوا بنائیں گے، گورنر
فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ خیبرپختونخوا کی بہتری کے لیے کام کرنے والے تمام افراد کو وقت اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ سرجنز، ڈاکٹرز اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد مل کر صوبے کی ترقی اور بہتری کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون، مشترکہ کوششوں اور عملی اقدامات کے ذریعے ایک بہتر، ترقی کرتا اور نکھرتا ہوا خیبرپختونخوا تشکیل دیا جائے گا۔





