پشاور: خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کے دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع میں پولیسنگ کا نظام بہتر بنانے، سیکیورٹی انتظامات مضبوط کرنے اور پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت سے 40 ارب روپے کے اضافی فنڈز طلب کر لیے ہیں۔
اس مقصد کے لیے پولیس حکام نے ایک جامع منصوبہ تیار کرکے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے، جس میں سابقہ قبائلی اضلاع سمیت 12 مخصوص اضلاع میں پولیس کو جدید سہولیات، ضروری وسائل اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 40 ارب روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد لکی مروت، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں پولیسنگ کے نظام کو مؤثر بنانا اور سیکیورٹی اداروں کی عملی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
40 ارب روپے کن منصوبوں پر خرچ ہوں گے؟
خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد سابقہ قبائلی اضلاع سمیت دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
ان علاقوں کی ترقی اور انتظامی معاملات کے لیے الگ کونسل اور سیکریٹریٹ بھی قائم کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے بھی ان اضلاع میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے الگ منصوبہ مرتب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں پولیس پر بزدلانہ وار، دہشت گردوں کی فائرنگ سے اہلکار زخمی
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید چوہدری نے 12 مخصوص اضلاع کے لیے خصوصی پولیسنگ منصوبے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے رابطہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے منصوبے میں ایمرجنسی کے تحت آنے والے 12 اضلاع کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے اور مجوزہ پیکج کی رقم انہی علاقوں میں پولیسنگ کے نظام کو بہتر بنانے پر خرچ کی جائے گی۔
آئی جی پولیس کے مطابق وفاق کو بھجوائے گئے منصوبے میں پولیس نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، انفراسٹرکچر کی بہتری، وسائل کی فراہمی، جدید آلات اور گاڑیوں کی خریداری سمیت مختلف ضروریات شامل ہیں۔ ان تمام اقدامات کے لیے 40 ارب روپے درکار ہوں گے۔
ذوالفقار حمید چوہدری نے کہا کہ دہشتگردی سے متاثرہ ان اضلاع میں پولیس کی استعدادِ کار بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے جدید اسلحہ، ڈرون ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری سازوسامان کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وفاق کو ارسال کردہ منصوبے میں پولیس کی تمام ضروریات کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 12 اضلاع میں سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل اور انہیں فعال بنانا بھی مجوزہ پیکج کا حصہ ہے۔
آئی جی پولیس کے مطابق کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ ایک سال کے دوران ان اضلاع میں سیف سٹی منصوبے مکمل کرکے فعال کر دیے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : بی آر ٹی پشاور پر کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہوں، پرویز خٹک
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے سابقہ قبائلی اضلاع میں ماضی میں پولیس کا باقاعدہ انفراسٹرکچر موجود نہیں تھا، اس لیے وہاں پولیس کا منظم بنیادی ڈھانچہ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ اسی طرح جن علاقوں میں پولیسنگ کا نظام کمزور ہے یا اس میں خامیاں موجود ہیں، انہیں دور کرکے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
کیا وفاق 40 ارب روپے کا اضافی پیکج دے گا؟
خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر خصوصی توجہ دینے اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر راج کے نفاذ کے بعد وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بھی پشاور کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے پولیس کو جدید سہولیات اور ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا، جو اس وقت صوبے کے سربراہ بھی ہیں، پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں اضافے اور انہیں جدید سہولیات کی فراہمی کا اعلان کر چکے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ پشاور کے دوران صوبے کے لیے 160 ارب روپے کے پیکج کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع کے لیے مانگے گئے 40 ارب روپے اس پیکج سے الگ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ 160 ارب روپے کا مجوزہ پیکج پورے خیبرپختونخوا کے لیے ہے، جبکہ اضافی 40 ارب روپے خصوصی طور پر دہشتگردی سے متاثرہ 12 اضلاع میں پولیسنگ، سیکیورٹی اور پولیس کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر خرچ کیے جائیں گے۔





