عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 3 فیصد سے زائد گر گئیں

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے قطر کی ثالثی میں جاری مذاکرات سے مثبت نتائج کی امید نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو نیچے دھکیل دیا، جہاں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیر کے روز برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 3.2 فیصد کمی کے بعد 109.75 ڈالر فی بیرل پر آگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں 3.3 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 100.69 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہونے لگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی اور قطری حکام کے درمیان مسلسل تیسرے روز بھی مذاکرات جاری رہے۔ ان بات چیت کا مقصد امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے خاتمے کے لیے کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق سفارتی کوششوں میں پیش رفت کی توقع اور ہفتے کے اختتام پر کسی بڑی فوجی کارروائی کا نہ ہونا تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بیٹیاں صرف خواب نہیں دیکھتیں، انہیں پورا کرنے کا ہنر بھی رکھتی ہیں، نایاب کی کہانی

کے سی ایم ٹریڈ کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار ٹم واٹرر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد اب مارکیٹ میں تکنیکی بنیادوں پر کمی دیکھی جا رہی ہے، جبکہ مذاکرات سے مثبت پیش رفت کی امید نے بھی قیمتوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کے روز کہا کہ قطر کی ثالثی میں ہونے والی بات چیت کا بنیادی مقصد مشاورت کا عمل جاری رکھنا ہے۔ ان کے مطابق ایران دفاع اور سفارت کاری، دونوں راستوں کے لیے تیار ہے۔

تاہم عالمی توانائی کی منڈی کو درپیش خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں پر حملوں کے باعث توانائی کی ترسیل اور شپنگ کے اخراجات بدستور متاثر ہیں، جبکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی دوبارہ بڑھنے کے خدشات بھی برقرار ہیں۔

ادھر اوپیک پلس نے اتوار کے روز دسمبر کے لیے تیل کی پیداوار کے اہداف برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی رسد سے متعلق پالیسی میں فوری تبدیلی کا امکان محدود ہوگیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا نتیجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

Scroll to Top