بیٹیاں صرف خواب نہیں دیکھتیں، انہیں پورا کرنے کا ہنر بھی رکھتی ہیں، نایاب کی کہانی

پشاور سے تعلق رکھنے والی نایاب نے کمپیوٹر سائنس کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ایسے شعبے میں قدم رکھا ہے جہاں عموماً مردوں کی اجارہ داری سمجھی جاتی ہے۔ وہ نہ صرف لیپ ٹاپس کی مرمت کرتی ہیں بلکہ سافٹ ویئر سے متعلق تکنیکی خدمات بھی فراہم کر رہی ہیں۔

نایاب نے خوشحال خان خٹک یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی سے ان کا لگاؤ نویں جماعت سے شروع ہوا، جو وقت کے ساتھ ایک شوق سے بڑھ کر پیشہ ورانہ زندگی کا حصہ بن گیا۔

ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیم کے بعد انہوں نے کمپیوٹر سائنس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور اب پشاور کے گل جی پلازہ میں لیپ ٹاپس کی مرمت اور سافٹ ویئر کے کام سے وابستہ ہیں۔

تاہم اس شعبے میں اپنی جگہ بنانا ان کے لیے آسان نہیں تھا۔ ایک ایسے ماحول میں کام شروع کرنا جہاں زیادہ تر دکانوں اور ورکشاپس میں مرد موجود ہوں، ان کے لیے ایک بڑا چیلنج تھا۔ ابتدا میں لوگوں کے لیے کسی خاتون کا لیپ ٹاپ کی مرمت جیسے تکنیکی کام سے وابستہ ہونا غیر معمولی بات تھی۔

نایاب کے مطابق انہیں شروع میں سماجی رویوں اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض لوگ محض اس وجہ سے اپنے لیپ ٹاپ اور دیگر آلات ان کے حوالے کرنے سے ہچکچاتے تھے کہ وہ خاتون ہیں اور شاید یہ کام انجام نہ دے سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : تھرپارکر میں زلزلے کے جھٹکے، شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے

لیکن نایاب نے مشکلات سے پیچھے ہٹنے کے بجائے اپنی فنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور تجربہ حاصل کرنے پر توجہ مرکوز رکھی۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی شعبے میں جتنا زیادہ سیکھا جائے اور عملی تجربہ حاصل کیا جائے، اتنی ہی مہارت اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔

مسلسل محنت اور لگن کے نتیجے میں وقت کے ساتھ لوگوں کا اعتماد بھی بحال ہوا۔ اب صورت حال یہ ہے کہ جو افراد ابتدا میں ان سے کام کروانے میں ہچکچاہٹ محسوس کرتے تھے، وہی اپنی تکنیکی ضروریات کے لیے ان سے رجوع کرتے ہیں۔

نایاب اپنے اس سفر میں والدین کے تعاون کو بنیادی اہمیت دیتی ہیں۔ ان کے مطابق گھر والوں نے کبھی انہیں لڑکی ہونے کی وجہ سے کسی شعبے تک محدود رکھنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ ہر قدم پر حوصلہ افزائی کی۔ والدین کے اعتماد اور حمایت نے انہیں مشکلات کے باوجود اپنے شوق کو پیشے میں تبدیل کرنے کا حوصلہ دیا۔

ان کے پاس آنے والی خواتین صارفین کی بھی بڑی تعداد ہے۔ نایاب کا کہنا ہے کہ خواتین اپنے لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کی مرمت کے لیے انہیں ترجیح دیتی ہیں، کیونکہ وہ اپنے ذاتی ڈیٹا اور نجی معلومات کے حوالے سے ان کے پاس زیادہ اطمینان محسوس کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون صارفین کے لیے ایپل انٹیلی جنس کے نئے فیچرز متعارف کرانے کی تیاری

اس طرح نایاب نہ صرف اپنی فنی مہارت کے ذریعے پیشہ ورانہ شناخت بنا رہی ہیں بلکہ خواتین صارفین کے لیے بھی اعتماد اور سہولت کا ذریعہ بن چکی ہیں۔

نایاب دوسری لڑکیوں کو بھی مشورہ دیتی ہیں کہ زندگی میں مختلف مزاج کے لوگوں سے واسطہ پڑتا ہے، اس لیے دوسروں کی باتوں اور مشکلات سے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اگر انسان ابتدا ہی میں ہمت ہار دے تو آگے بڑھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

وہ کہتی ہیں کہ کامیابی کے لیے اپنے مقصد پر توجہ، مسلسل سیکھنے کا جذبہ اور اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ضروری ہے۔

نایاب کا سفر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شوق، محنت، مستقل مزاجی اور والدین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ خواتین بھی ٹیکنالوجی سمیت کسی بھی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو منوا سکتی ہیں اور معاشرتی تصورات کو تبدیل کرنے میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

Scroll to Top