انسٹاگرام کی دوستی محبت میں بدل گئی، اطالوی دلہن شادی کے لیے پاکستان پہنچ گئی

سوشل میڈیا پر شروع ہونے والی دوستی نے محبت کا روپ اختیار کرلیا، چھ سالہ تعلق کے بعد اطالوی دلہن اپنے پاکستانی ہمسفر سے شادی کے لیے پاکستان پہنچ گئی۔

اطالوی دلہن لاہور ایئرپورٹ پہنچی تو دولہا نبیل اعوان کے اہلخانہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دونوں خاندانوں کی رضامندی اور قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد شادی کی تقریب منعقد ہوئی، جبکہ کلرکہار کے ایک مقامی ہوٹل میں دعوت ولیمہ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں دولہا کے اہلخانہ، رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرائی نیشن سیریز جیتنے کے بعد قومی ٹیم کو جرمانہ، آئی سی سی نے بڑا فیصلہ سنا دیا

اہلخانہ کے مطابق دولہا نبیل اعوان اور اطالوی دلہن دونوں قوت سماعت سے محروم ہیں، تاہم ایک دوسرے کا ساتھ ملنے پر بے حد خوش ہیں۔

اطالوی دلہن نے پاکستانی لباس زیب تن کیا اور مقامی لوگوں کے ساتھ گھل مل گئیں، جس سے تقریب کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوگیا۔

یوں انسٹاگرام سے شروع ہونے والی چھ سالہ دوستی شادی کے بندھن میں تبدیل ہوگئی اور محبت کی یہ کہانی دونوں خاندانوں کے لیے خوشی کا باعث بن گئی۔

Scroll to Top