اسلام آباد: پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کےڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عالمی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں ملک بالخصوص خیبرپختونخوا میں جاری انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں اور سیکیورٹی صورتحال پر انتہائی اہم اور تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
کے پی کے کی سابقہ انتظامیہ اور سہولت کاری پر سخت مؤقف
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے سہولت کاروں میں وہاں کی نااہل اور لاتعلق حکومت بھی شامل تھی۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صوبے میں انسدادِ دہشت گردی کی راہ میں رکاوٹ بننے والا ایک اہم سہولت کار اب وہاں موجود نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ اندرونی مسائل کو ہم نے خود سنبھالنا ہے، خیبرپختونخوا کا عام شہری کبھی آپریشنز کے خلاف نہیں رہا، بلکہ مخالفت صرف وہی عناصر کرتے ہیں جن کا دہشت گردوں کے ساتھ مضبوط گٹھ جوڑ اور مفادات جڑے ہوئے ہیں۔
دہشت گردی کے خاتمے کی جدید حکمت عملی
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ پاک فوج کے پاس دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ایک واضح اور حتمی حکمت عملی موجود ہے۔
اس حکمت عملی کے بنیادی نقطے کے تحت پاکستان کی حدود میں موجود تمام دہشت گردوں اور ان کے سیاسی و انتظامی سہولت کاروں کا بلا تفریق مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے۔
بڑے ملٹری آپریشن کے بجائے روزانہ 200 انٹیلی جنس آپریشنز
یہ بھی پڑھیں : پاک چین دوستی کی داستانیں درہ خنجراب سے گوادر اور کراچی تک پھیلی ہوئی ہیں،عطاء تارڑ
صوبے میں فوجی کارروائیوں کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں کسی بڑے روایت پسند ملٹری آپریشن کی ضرورت نہیں، بلکہ وہاں پولیس، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک سے روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 200 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کامیابی سے انجام دیے جا رہے ہیں۔
افغانستان کا کردار اور بھارت سے تقابل
افغان سرزمین کے استعمال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی طرح یہ روایتی رویہ اختیار نہیں کرتے کہ اپنے تمام تر داخلی و اندرونی مسائل کا ملبہ بیرونی عوامل پر ڈال دیں۔
ہم یہ ہرگز نہیں کہتے کہ پاکستان میں ہونے والی تمام تر دہشت گردی صرف افغانستان سے ہو رہی ہے، لیکن یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ افغانستان وہ بنیادی اڈہ ہے جہاں دہشت گردوں کی اعلیٰ قیادت، تربیتی کیمپ اور لانچ پیڈز موجود ہیں جہاں سے پاکستان پر حملوں کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔





