اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل، الیکشن کمیشن کا 10 نومبر کو اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے انتخابی تیاریوں اور اب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ انتخابات کے لیے تمام انتخابی مٹیریل کی خریداری اور بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے چیف الیکشن کمشنر کو اسلام آباد کے بلدیاتی نظام، مختلف نشستوں پر انتخابات کے طریقہ کار، انتخابی تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ انتخابی انتظامات کے سلسلے میں سیکریٹری وزارت داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ضروری اقدامات کے حوالے سے خطوط بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق الیکشن کمیشن اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو: گھر میں فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اب تک کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 10 نومبر 2026 کو الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری وزارت داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد شرکت کریں گے اور الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی پلان سمیت دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دیں گے۔

اجلاس کا مقصد اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کا جائزہ لینا ہے۔

Scroll to Top