پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے کان کنی کے لیے استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کی نگرانی، کنٹرول اور ضابطہ بندی کا فیصلہ کر لیا، اس مقصد کے لیے 7 رکنی صوبائی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اس حوالے سے صوبائی ایکسپلوسوز کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ اینڈ اوورسائٹ کمیٹی کے قیام کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسپیشل سیکریٹری محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ محکمہ داخلہ، محکمہ صنعت اور صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے نمائندے بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری ایف ایس سی محکمہ داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ صنعت، ڈائریکٹر صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی محکمہ داخلہ سمیت دیگر متعلقہ افسران شامل ہیں۔ صوبائی سیکیورٹی سیکریٹریٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو کمیٹی کا رکن اور سیکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی صوبے بھر میں دھماکہ خیز مواد سے متعلق معاملات کی نگرانی، رابطہ کاری اور متعلقہ قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔ اس کے علاوہ صوبائی محکموں، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری بھی کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو: گھر میں فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق
کمیٹی وفاقی حکومت، نیشنل ایکسپلوزوز اینڈ پیٹرولیم سیفٹی ایجنسی، نیکٹا اور دیگر متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عملدرآمد کی نگرانی کرے گی، جبکہ دھماکہ خیز مواد اور اس سے متعلقہ اجزا کے انتظام و انصرام میں قانونی تقاضوں، قواعد و ضوابط اور حفاظتی معیارات پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی فوری طور پر مؤثر ہوگی اور آئندہ احکامات تک کام جاری رکھے گی۔





