وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سےنےکہاہے کہ صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ہراساں کرنا یا ان پر تشدد کرنا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار آزاد ڈیجیٹل کے صحافی طیب سرور سے ملاقات کے موقع پر کیا، جو چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے مدرسے کی کوریج کے دوران بدسلوکی اور دھمکیوں کا شکار ہوئے تھے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ کوئی بھی صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے کوریج کر رہا ہو تو اسے تشدد کا نشانہ بنانے کا حق کسی کو حاصل نہیں ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس طرح کے رویوں کی معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے اور اگر کسی کو کوئی شکایت ہو تو شائستہ انداز میں بات کی جانی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غنڈہ گردی، گالم گلوچ یا دھمکیاں دے کر کسی کی حوصلہ شکنی کرنا یا ہراساں کرنا ناقابلِ دفاع ہے، اور صحافیوں کو اس طرح روکنا یا ان پر پریشر ڈالنا قطعا قابلِ قبول نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں جے یو آئی (ف) سے منسلک جامعہ معارف الشریعہ کو رہائشی عمارت میں مدرسہ چلانے اور بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کیا تھا۔
اس نوٹس پر باضابطہ موقف لینے اور رپورٹنگ کے لیے جب صحافی طیب سرور اس مدرسے گئے تو وہاں موجود طلباء نے انہیں شدید ہراساں کیا، ان پر اسلحہ تان لیا، کتے چھوڑ کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
اس لرزہ خیز واقعے اور غنڈہ گردی کے خلاف متاثرہ صحافی کی جانب سے تھانہ مارگلہ میں باضابطہ قانونی درخواست بھی دائر کی جا چکی ہے.





