پیٹرول کی قیمت میں بڑی کمی کا نیا فارمولہ،وزیرپیٹرولیم نےخوشخبری سنادی

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ نئے فارمولے کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے اور جمعہ کو پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہونا تھا جو مقامی ریفائنریز کے تعاون سے روک دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں تاہم حکومت محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، اور وزیراعظم کی اولین ترجیح ملکی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے عام صارفین کو سہولت دینا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے حالیہ ٹینڈرز میں مختلف چیلنجز اور عالمی منڈی میں پریمیم کے باعث قیمتوں پر دباؤ بڑھا ہے تاہم حکومت نے سپلائی اور ٹرانسپورٹیشن کی رکاوٹوں کا جائزہ لے کر خریداری کے عمل میں شفافیت لا کر اخراجات کم کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول پر دی جانے والی خصوصی رعایت سے 13 ملین سے زیادہ صارفین مستفید ہو رہے ہیں، اور موٹر سائیکلوں و چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو عالمی بحران سے پہلے والی قیمت پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا تاکہ بین الاقوامی قیمتوں کا بوجھ عام صارفین پر کم سے کم پڑے۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مقامی ریفائنریز کے ساتھ مل کر پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا فارمولا تیار کیا گیا ہے، جس کے بعد مقامی ریفائنریز کو خام تیل کی دستیابی سے ریکارڈ منافع حاصل ہوا ہے اور انہی کے تعاون سے 15 روپے کا اضافہ روکا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایندھن کی قلت کو روکنے کے لیے متوازن قیمتوں کا تعین کر رہی ہے تاکہ سپلائی متأثر نہ ہو، جبکہ مقامی ریفائنریز نے حج پیکیج اور ایوی ایشن فیول کی پرانی قیمتوں پر فراہمی بھی یقینی بنائی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایل پی جی کی قیمتوں سے متعلق اقدامات ایک دو روز میں سامنے آئیں گے اور مارکیٹ میں 600 روپے کلو قیمت وصول کرنا سراسر ناجائز ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا مشن عالمی حالات کے باعث پیدا ہونے والا معاشی بوجھ کم سے کم عوام پر منتقل کرنا ہے، اور اسی ہدایت پر 15 روپے فی لیٹر کا ممکنہ بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا جبکہ مقامی ریفائنریز ماہانہ 15 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ خود برداشت کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی فیول سبسڈی اسکیم کے تحت اب تک عوام کو 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے اور موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد مالکان اس سے مستفید ہو چکے ہیں، جن میں موٹر سائیکل سواروں کو ہفتہ وار 500 روپے رعایت دینے کا نظام بھی شامل ہے۔ عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ علاقائی اور عالمی معاشی دباؤ کے باوجود پاکستان کی معیشت کے بنیادی اشاریے مستحکم سطح پر موجود ہیں اور حکومت چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

Scroll to Top