مشیر اطلاعات و ریلیف ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی ریلیف، صوبے کی تعمیرِ نو اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی ان کی اولین ترجیحات ہوں گی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ گورنر کی جانب سے اہم ذمہ داری سونپنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے اور ایک بدلتا، نکھرتا اور مضبوط صوبہ ان کا وژن ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ صوبے کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
مشیر اطلاعات و ریلیف نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور دوبارہ آبادکاری کا عمل کم سے کم وقت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو مشکلات سے نکال کر دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کی حکومت کا خاتمہ: اپنوں کی غداری یا اندرونی سازش؟ سینئر صحافی عارف یوسفزئی کے سنسنی خیز انکشافات
انہوں نے اس بات کا بھی عزم ظاہر کیا کہ صوبے کی تعمیرِ نو کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، حکومت مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔





