آئی سی سی ورلڈ کپ: پاک بھارت مقابلے کے ٹکٹوں کی مانگ نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے دنیا بھر سے شائقین کی غیر معمولی اور بے مثال دلچسپی سامنے آئی ہے۔

جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے اس 14 قومی ایونٹ کے مختلف میچز کی رجسٹریشن کے دوران اب تک 193 ممالک سے 28 لاکھ شائقین نے درخواستیں دی ہیں، جبکہ مختلف مقابلوں کے لیے مجموعی طور پر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد 12 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔

ایونٹ کا سب سے بڑا مرکز 10 اکتوبر 2027 کو شیڈول روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا معرکہ بنا ہوا ہے، جس کے ٹکٹوں کے لیے آئی سی سی کو 83 لاکھ 97 ہزار 294 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

اس مقابلے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس نے 21 نومبر 2027 کو شیڈول فائنل میچ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہےجس کے لیے 79 لاکھ 944 درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں۔

دیگر میچوں میں بھی شائقین کا جوش و خروش نمایاں ہے، جہاں 24 اکتوبر کو بھارت اور زمبابوے کے میچ کے لیے تقریباً 33 لاکھ اور 8 اکتوبر کو انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے مقابلے کے لیے ساڑھے آٹھ لاکھ کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں کمی ،نوٹیفکیشن جاری

ایونٹ کے گروپس کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جس میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور زمبابوے گروپ اے کا حصہ ہیں جبکہ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ اور بنگلہ دیش کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔

ٹکٹوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہونے کے باعث درخواستوں میں مزید اضافے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top