عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کو اچانک بڑا جھٹکا، تینوں اہم اقسام کے تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں نے عالمی توانائی مارکیٹ کا رخ تبدیل کرنا شروع کردیا ہے۔
تازہ کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد کمی واقع ہوئی، جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 106 ڈالر 50 سینٹ رہ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 6.34 فیصد نیچے آگئی۔ کمی کے بعد امریکی خام تیل 97 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہونے لگا۔
عالمی منڈی میں مربن خام تیل کی قیمتوں میں نسبتاً زیادہ کمی دیکھی گئی۔ اس کی قیمت 11 فیصد گرنے کے بعد 105 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ تینوں اہم اقسام کے خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے عالمی توانائی مارکیٹ میں نئی صورت حال پیدا کردی ہے۔
ماہرین کی توجہ اس وقت ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی سرگرمیوں پر مرکوز ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی نے گزشتہ عرصے میں عالمی تیل کی تجارت کو غیر یقینی صورت حال سے دوچار کیے رکھا۔
مشرق وسطیٰ میں ممکنہ فوجی تصادم کے خدشات کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی، خصوصاً اہم سمندری تجارتی راستوں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی تھی۔ اس صورت حال نے خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالنے کے بجائے ان میں اضافے کے خدشات پیدا کیے تھے۔
تاہم اب کشیدگی میں کمی اور ممکنہ سفارتی پیش رفت کی امیدوں نے عالمی منڈی کا ماحول تبدیل کردیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات آگے بڑھتے ہیں تو تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا کا ایران کے انتہائی حساس جزیرے پر اچانک حملہ،وال اسٹریٹ جرنل کا انکشاف!
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کا آئندہ رخ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات، مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورت حال اور تیل کی عالمی رسد پر منحصر ہوگا۔ سفارتی کوششوں میں پیش رفت قیمتوں کو مزید نیچے لاسکتی ہے، تاہم کشیدگی دوبارہ بڑھنے کی صورت میں عالمی منڈی میں ایک بار پھر تیزی دیکھنے میں آسکتی ہے۔





