وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران پاک سعودی برادرانہ تعلقات، پاکستانی محنت کشوں کے مسائل اور سعودی عرب میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سعودی سفیر نے اعلان کیا کہ پاکستانی کارکنوں کے ویزوں کے اجراء میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور ویزوں کا 24 گھنٹوں کے اندر اجراء یقینی بنانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔
انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور 2009 میں 14 سعودی شہریوں کی جانیں بچانے والے پاکستانی شہری کے ایثار اور بہادری کا بھی خاص ذکر کیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے سعودی عرب میں پاکستانی ہنرمندوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور سعودی مارکیٹ کے مطابق افرادی قوت کو پیشگی تربیت دینے پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کر دیے گئے
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے انسانی وسائل کی ترقی، باہمی معلومات کے تبادلے اور پاکستانی محنت کشوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر اتفاق کیا۔





