خیبر پختونخوا میں غیر قانونی سرگرمیوں، کرپشن اور تجاوزات مافیا کی سہولت کاری میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف بڑا انتظامی کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر سے 7 ہزار سے زائد سرکاری ملازمین کی نشاندہی کر کے ایک جامع رپورٹ تیار کر لی ہے جسے حتمی کارروائی کے لیے گورنر اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نشاندہی کیے گئے ملازمین میں سابقہ دورِ حکومت میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے افسران، تجاوزات مافیا کی سرپرستی کرنے والے اہلکار، اور دہشت گردی کے مقدمات میں نامزد ملزمان کے قریبی رشتہ داروں سے مبینہ روابط رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
فہرست میں سرکاری ملازمت کے ساتھ نجی کاروبار چلانے والے، نجی تعلیمی اداروں کے مالکان سرکاری ملازمین اور مالی و انتظامی بدعنوانی کے سنگین الزامات کا سامنا کرنے والے افسران کو بھی اس رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گاڑی مالکان ہوشیار!خیبرپختونخوا حکومت کا جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران متعدد سرکاری ملازمین کی مافیا کے ساتھ مبینہ ملی بھگت سامنے آئی ہے۔ خاص طور پر خوشحال بازار میں سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے اور اس کی غیر قانونی فروخت کے معاملے میں سبزی و مچھلی فروشوں کی سہولت کاری کرنے والے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ملازمین کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف قانونی گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔





