کیا ہم حلال رزق کما اور کھا رہے ہیں؟ مولانا طیب قریشی کے سوال پر گردنیں لٹک گئیں

گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے واضح کیا ہے کہ حلال و حرام کی واضح تمیز اور بدعنوانی کے ناسور کے خاتمے کے بغیر کوئی بھی معاشرہ اور ملک کبھی حقیقی ترقی کی منزل طے نہیں کر سکتا۔ آخرت کی تیاری اور اسلامی اصولوں پر پابندی ہر مسلمان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کی تاریخی اور مرکزی مسجد مہابت خان میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا طیب قریشی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات ہمیں دیانت داری، امانت داری، حلال رزق کمانے اور دوسروں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا درس دیتی ہیں جبکہ ناجائز ذرائع سے مال سمیٹنے اور خیانت کرنے کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔

مولانا طیب قریشی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی بابرکت زندگیاں ہمارے لیے بہترین مشعلِ راہ ہیں۔

ہمیں اپنی روزمرہ زندگی اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنی ہوگی اور کسی بھی دوسرے شخص کی مال و ملکیت اس کی اجازت کے بغیر استعمال کرنے سے گریز کرنا لازمی ہے۔

انہوں نے پانچ وقت کی نماز بالخصوص نمازِ فجر کی پابندی کو انسان کی دینی و اخلاقی تربیت کی بنیاد قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرے سے عدم برداشت کے رجحان کو ختم کرنے اور باہمی رواداری و اخوت کو فروغ دینے کا واحد راستہ اسلامی اصولوں پر عملی پیروکار بننا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف جنگ غلط فیصلہ،غیر ملکی وزیراعظم نےامریکا کو اکسایا،السیدکاانکشاف

نماز جمعہ کے پروقار اجتماع کے اختتام پر مولانا طیب قریشی نے حرمین شریفین اور دیگر مقدس مقامات کے تحفظ پر مامور پاک فوج اور ملک کی دیگر تمام سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی سلامتی و حفاظت کے لیے انتہائی رقت آمیز اور خصوصی دعا کی۔

اس کے علاوہ ملک میں پائیدار امن و استحکام، امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور معاشرے میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے بھی ہاتھ اٹھا کر دعائیں مانگی گئیں۔

Scroll to Top