بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

بھارت کے نامور اور تجربہ کار فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹیسٹ کرکٹ سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

36 سالہ فاسٹ بولر نے اپنے ٹیسٹ ڈیبیو کے 13 سال مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے اپنے اس فیصلے سے شائقینِ کرکٹ کو آگاہ کیا۔

محمد شامی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز نومبر 2013 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا جہاں انہوں نے اپنے پہلے ہی میچ میں ہلاکت خیز بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 118 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یہ شاندار کارکردگی آج بھی ان کے پورے ٹیسٹ کیریئر کی ایک میچ میں بہترین بولنگ گردانی جاتی ہے۔

کرک انفو کے مطابق محمد شامی نے اپنے 13 سالہ کیریئر کے دوران بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 64 ٹیسٹ میچز کھیلے۔ اس دوران انہوں نے 27.71 کی اوسط سے مجموعی طور پر 229 وکٹیں اپنے نام کیں۔

یہ بھی پڑھیں : کیا ہم حلال رزق کما اور کھا رہے ہیں؟ مولانا طیب قریشی کے سوال پر گردنیں لٹک گئیں

تاہم تمام تر کامیابیوں کے باوجود وہ بھارت کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولرز کی فہرست میں ابتدائی پانچ کھلاڑیوں میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

ان کے اس ناگہانی فیصلے کے بعد جہاں کرکٹ شائقین اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے وہیں ریڈ بال کرکٹ میں ان کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔

Scroll to Top