40 سال کے بعد خواتین اپنی صحت کیسے برقرار رکھیں؟ تین اہم عادات اپنا لیں

خواتین کی زندگی میں 40 سال کی عمر ایک ایسا مرحلہ ہے جب جسم میں مختلف تبدیلیاں رونما ہونا شروع ہوجاتی ہیں۔

ہارمونز میں اتار چڑھاؤ کے باعث بعض خواتین کا وزن بڑھنے لگتا ہے، جبکہ کچھ خواتین کو وزن میں کمی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ ہڈیوں اور پٹھوں کی کمزوری، جسمانی درد، جلد میں تبدیلی اور بالوں کا سفید ہونا بھی عام مشاہدات میں شامل ہیں،ماہرین صحت کے مطابق اس عمر میں جسمانی فٹنس برقرار رکھنے اور بیماریوں کے خطرات کم کرنے کے لیے روزمرہ زندگی میں چند صحت مند عادات اپنانا ضروری ہے۔

اس حوالے سے تین اہم اقدامات خواتین کی مجموعی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

روزانہ ورزش اور جسمانی سرگرمی کو معمول بنائیں

چالیس سال کے بعد جسم کو متحرک رکھنا پہلے سے زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق خواتین کو روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش یا جسمانی سرگرمی کے لیے مختص کرنے چاہئیں۔ اس مقصد کے لیے جم جانا ضروری نہیں، بلکہ تیز رفتاری سے چہل قدمی، ہلکی دوڑ، پیلیٹس، اسکواٹس اور کرنچز جیسی ورزشیں بھی مفید ہوسکتی ہیں۔ باقاعدہ ورزش سے پٹھوں کی مضبوطی، جسمانی توانائی اور میٹابولزم کو بہتر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

بادام اور دیگر خشک میوہ جات غذا کا حصہ بنائیں

صحت مند رہنے کے لیے غذائیت سے بھرپور اشیا کا استعمال بھی اہم ہے۔ بادام اور دیگر خشک میوہ جات پروٹین، صحت مند چکنائی اور مختلف غذائی اجزا فراہم کرتے ہیں، جو جسمانی توانائی اور پٹھوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ہیں۔ روزانہ ایک مناسب مقدار میں بادام کھانے سے پیٹ بھرنے کا احساس بھی برقرار رہ سکتا ہے۔ یونیورسٹی آف لیڈز کی ایک تحقیق میں بھی صبح کے وقت بادام استعمال کرنے سے بھوک اور زیادہ چکنائی والی غذاؤں کی خواہش میں کمی کے اشارے سامنے آئے۔

متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک اپنائیں

چالیس سال کے بعد خواتین کو اپنی خوراک میں پروٹین، وٹامنز، معدنیات، آئرن اور کیلشیم کی مناسب مقدار شامل کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ سبز پتوں والی سبزیاں، موسمی پھل، گوشت، اسپراؤٹس اور دیگر غذائیت سے بھرپور غذائیں روزمرہ خوراک کا حصہ بنائی جاسکتی ہیں۔ اس کے ساتھ کھانا چھوڑنے یا غیر ضروری طور پر سخت ڈائٹنگ کرنے سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ مناسب غذا جسمانی طاقت اور ہڈیوں کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر کے ساتھ صحت مند طرزِ زندگی اپنانا خواتین کے لیے بے حد اہم ہے۔ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور مناسب غذائیت نہ صرف جسمانی فٹنس برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ عمر کے ساتھ پیدا ہونے والی تبدیلیوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کے لیے بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔ وزن میں غیر معمولی تبدیلی یا مسلسل جسمانی تکلیف کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے

Scroll to Top