فضل الرحمان سے منسلک مدارس کی عمارتوں میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیاں، سی ڈی اے کا نوٹس، سیل کرنے کا انتباہ

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسلک مدارس کی عمارتوں میں مبینہ غیر قانونی تعمیرات اور تعمیراتی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کے مدرسہ اختر العلوم کو بھی منظور شدہ نقشے کے بغیر تعمیرات کرنے پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر عمارت کا منظور شدہ نقشہ متعلقہ حکام کے پاس جمع کرائے۔

سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ تعمیراتی قوانین اور مقررہ ضوابط پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ عمارتوں کو سیل کرنے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹسز میں متعلقہ انتظامیہ کو مقررہ مدت کے اندر تعمیراتی خلاف ورزیاں دور کرنے اور ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی ڈی اے کے اس اقدام کو اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری کارروائی کا حصہ قرار دیا جارہا ہے۔

Scroll to Top