خیبرپختونخوا میں جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 10 نومبر سے کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں غیر قانونی، جعلی اور خود ساختہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے 10 نومبر 2026 سے خصوصی کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق اس سلسلے میں تمام ضلعی ایکسائز افسران کو خصوصی موبائل اسکواڈز تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے غیر قانونی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں کریں گے۔

ایکسائز ترجمان کے مطابق کریک ڈاؤن کے ابتدائی مرحلے میں خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا جائے گا اور انہیں محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ اصل اور مجاز نمبر پلیٹس نصب کرنے کے بعد ہی چھوڑا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے میں، جو ابتدائی کارروائی کے سات روز بعد شروع ہوگا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پشاور ماسٹر ڈویلپمنٹ پلان پر اہم اجلاس، سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور ٹریفک مسائل پر ہدایات جاری

محکمہ ایکسائز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانونی کارروائی اور جرمانوں سے بچنے کے لیے اپنی گاڑیوں پر فوری طور پر محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ اصل نمبر پلیٹس نصب کریں۔

حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد غیر قانونی اور جعلی نمبر پلیٹس کے استعمال کی روک تھام اور گاڑیوں کی قانونی شناخت کو یقینی بنانا ہے۔

Scroll to Top