کراچی: مِلینیم انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اینڈ انٹرپرینیورشپ اور سینٹر فار انٹرنیشنل اسٹریٹجک اسٹڈیز سندھ کے زیرِ اہتمام کتاب ’’معرکۂ حق، جنوبی ایشیا میں بازدار قوت، اشتعال انگیزی اور تزویراتی پختگی‘‘ کی تقریبِ رونمائی ہوئی۔
تقریب میں میں سابق فوجی افسران، سفارت کاروں، ماہرینِ تعلیم اور پالیسی تجزیہ کاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کی مشترکہ میزبانی ایم آئی ٹی ای پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی اور سی آئی ایس ایس ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سفیر (ر) قاضی خلیل اللہ نے کی۔
سابق سینیٹر اور وفاقی وزیر جاوید جبار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے مشیر برائے ترقی لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے کلیدی خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کتاب میں مئی 2025 کے معرکۂ حق سے پہلے اور بعد کی صورتِ حال، پاکستان اور بھارت کے تعلقات، خطے میں جوہری بازدار قوت کے توازن اور جنوبی ایشیا کے مستقبل کے تزویراتی استحکام کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
کلیدی مقرر لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے کہا کہ پاکستان کی روایتی اور جوہری دفاعی صلاحیتوں کے امتزاج نے جنوبی ایشیا میں بازدار قوت کے استحکام کو یقینی بنایا ہے۔
بھارت کے علاقائی بالادستی کے عزائم کے مقابلے میں پاکستان کی دفاعی صلاحیتیں ایک مؤثر رکاوٹ ہیں، انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے بحران کے بعد جنوبی ایشیا میں ایک نیا تزویراتی ماحول تشکیل پایا ہے، جس میں پاکستان کا کردار اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
سفیر (ر) قاضی خلیل اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے، جس میں مسلح افواج نے جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی عزم کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مقامی سطح پر تیار کردہ جدید دفاعی ٹیکنالوجیز اور فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس پالیسی نے بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کتاب کے مدیر ڈاکٹر ظفر خان نے کہا کہ اس مجموعے کا مقصد جنوبی ایشیا میں بازدار قوت، دباؤ کی حکمتِ عملی اور علاقائی بحرانوں کے دوران ریاستوں کے رویوں کو دستاویزی شکل دینا ہے، کتاب میں پاکستان کے تزویراتی تحمل اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر (ر) مصطفیٰ کمال کاظی، پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن، پروفیسر ڈاکٹر احمد سعید منہاس اور پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے بھی جنوبی ایشیا میں سلامتی، مسئلہ کشمیر، پانی کے تنازعات، علاقائی کشیدگی اور جوہری بازدار قوت کے استحکام پر اظہارِ خیال کیا۔
مہمانِ خصوصی جاوید جبار نے کہا کہ کتاب کا پیغام صرف پاکستان اور بھارت تک محدود نہیں بلکہ اسے عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ کتاب کا دنیا کی بڑی زبانوں میں ترجمہ کیا جائے تاکہ جنوبی ایشیا کی سلامتی اور تزویراتی صورتِ حال سے متعلق پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر پیش کیا جا سکے۔
تقریب کے شرکا نے کتاب کو جنوبی ایشیا کے تزویراتی، دفاعی اور سفارتی معاملات کو سمجھنے کے لیے اہم علمی کاوش قرار دیا، تقریب میں 200 سے زائد افراد نے شرکت کی، جن میں ماہرینِ تعلیم، سابق فوجی افسران، غیر ملکی سفارت کار، پالیسی تجزیہ کار، طلبہ اور صحافی شامل تھے۔





