خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز، خیبر اور بنوں میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبر اور بنوں میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے ایک اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ ضلع خیبر میں پولیو ٹیم پر حملے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع خیبر کے حساس علاقے چھپری میں کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر مشرف عرف ابو دجانہ خیبری کو ہلاک کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ علاقے میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیم پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

ذرائع کے مطابق ضلع خیبر میں گزشتہ تین روز سے انسدادِ پولیو مہم جاری تھی، جس کے دوران ہیلتھ ورکرز سیکیورٹی خدشات کے باوجود بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ تین روز قبل چھپری ہی کے علاقے سے ایک پولیو سپروائزر کو اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد علاقے میں پولیو ورکرز کی حفاظت اور انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے تشویش پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم مقامی سطح پر مذاکرات اور کوششوں کے نتیجے میں مغوی سپروائزر کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا سراغ لگاتے ہوئے اہم کمانڈر کو ہلاک کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: خاران میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ردّ الفتنہ 3، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل، 5 زخمی، بھاری اسلحہ برآمد

ادھر ضلع بنوں میں بھی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مزید چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور جدید جنگی سازوسامان برآمد ہوا ہے۔

کارروائی کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر دیگر ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیشِ نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

Scroll to Top