پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کے آغاز کے لیے پیش رفت تیز ہوگئی۔
ملک میں اب تک چھ مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹریشن کرا لی ہے۔
پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ (پی ایس اے آر بی) کے قیام کے بعد چار نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔ اس حوالے سے ایس ای سی پی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کردیا۔
ایس ای سی پی کے مطابق کمپنی کی رجسٹریشن کا مطلب سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی تجارتی بنیادوں پر فراہمی کی اجازت نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے پی ایس اے آر بی سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہے۔
ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اسٹارلنک، گلیکسی اسپیس اور اسپیس سیل پاکستان کے غیر ملکی ڈائریکٹرز اور شیئر ہولڈرز کی سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ وزارت داخلہ میں زیر التوا ہے، جس کے باعث ان کمپنیوں کے معاملات میں مزید پیش رفت نہیں ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ سروس ڈاؤن، تمام موبائل کمپنیوں کی انٹرنیٹ سروسز متاثر
حکام کے مطابق وزارت داخلہ سے سیکیورٹی کلیئرنس اور پی ایس اے آر بی کا این او سی ملنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) لائسنس جاری کرے گی۔
تمام قانونی، ریگولیٹری اور سیکیورٹی تقاضے پورے ہونے کے بعد ہی پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروسز کی تجارتی فراہمی کا آغاز ممکن ہوگا۔





