ایل پی جی کی تقسیم کا نیا فارمولا سامنے آگیا

حکومت نے ایل پی جی کی شفاف نیلامی اور منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا۔

نئے فارمولے کے تحت مقامی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری جبکہ 90 فیصد نجی مارکیٹنگ کمپنیوں کو نیلامی کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی شفاف نیلامی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے قائم کمیٹی کا پہلا اجلاس سیکرٹری پیٹرولیم کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقامی ایل پی جی پیدا کرنے والے ادارے اپنی مجموعی یومیہ پیداوار کا 10 فیصد سرکاری مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے مختص کریں گے، جبکہ باقی 90 فیصد ایل پی جی میڈیا کی موجودگی میں شفاف نیلامی کے ذریعے فروخت کی جائے گی۔

کمیٹی نے طے کیا کہ نیلامی کے عمل میں ہر کمپنی کو یومیہ زیادہ سے زیادہ 20 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ تمام اہل کمپنیوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، نئی آٹو پالیسی کا اعلان ہو گیا

اجلاس میں ایل پی جی کی یومیہ پیداوار کی باقاعدہ نگرانی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پیداوار سے متعلق روزانہ کے اعداد و شمار وزیراعظم کو پیش کیے جائیں گے تاکہ فراہمی اور تقسیم کے نظام کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے۔

Scroll to Top