گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، نئی آٹو پالیسی کا اعلان ہو گیا

وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر نے کہا ہے کہ طویل مشاورت کے بعد نئی آٹو پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

گاڑیوں کی قیمتوں میں بتدریج کمی آئے گی جبکہ آٹو سیکٹر کی برآمدات 20 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 6 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہارون اختر نے کہا کہ نئی پالیسی میں برآمدات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے اور اہداف پورے نہ کرنے والی گاڑی ساز کمپنیوں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں خریداروں سے قیمت کا 20 فیصد سے زیادہ ایڈوانس وصول نہیں کر سکیں گی، جبکہ گاڑیوں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 45 نئے عالمی معیارات بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ہارون اختر کے مطابق حکومت الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ کی حد 20 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کر دی گئی ہے، جبکہ چارجنگ اسٹیشنز کے لیے درآمدی ڈیوٹیز میں بھی کمی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں بڑی کمی، حکومت نے شہریوں کو خوشخبری سنا دی

انہوں نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کا مقصد گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی، معیار میں بہتری، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔

Scroll to Top