پشاور:خیبر پختونخوا میں امن و امان کی نازک صورتحال اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا قلع قمع کرنے کے لیے صوبائی انتظامیہ نے تاریخی اور جامع ایکشن پلان تیار کر لیا ہے۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں کو درپیش مالی وسائل، افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی کی شدید کمی کو دور کرنے کے لیے 70 ارب روپے کے خطیر فنڈز کی منظوری اور 17 ہزار خالی آسامیاں فوری پُر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے دی گئی اعلیٰ سطح کی بریفنگ میں گورنر کے پبلک ائیرنگ، چیف سیکرٹری، تمام صوبائی محکموں کے سیکرٹریز اور پولیس کے سربراہان و اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
سیکرٹری داخلہ امجد علی خان کے مطابق صوبے میں انصاف کے نظام کو مؤثر بنانے اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے انقلابی قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ صوبے میں فیس لیس (Faceless) انسدادِ دہشت گردی عدالتیں قائم کی جا رہی ہیں۔
شناخت کی مکمل حفاظت:اس جدید اور محفوظ عدالتی نظام کے تحت مقدمات کی سماعت کے دوران ججوں، گواہوں، پولیس اہلکاروں اور متعلقہ حکام کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی تاکہ انہیں دہشت گرد تنظیموں یا ان کے نیٹ ورک کے انتقامی خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
قانونی تحفظ اور اپیل کا حق: اس منفرد نظام کو قانونی شکل دینے کے لیے جلد قانون سازی کی جا رہی ہے، تاہم آئینی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے متاثرہ فریقین کو فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کا پورا حق حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : میٹا کا متنازع فیصلہ واپس، فیس بک اور انسٹاگرام کی نئی پالیسی پر نظرثانی
محکمہ داخلہ کی بریفنگ کے مطابق، جاری منصوبے کے تحت سی ٹی ڈی کی استعداد: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی فیلڈ اور آپریشنل صلاحیت کو 12 فیصد سے بڑھا کر 37 فیصد تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس کی مجموعی استعداد: کے پی پولیس کی آپریشنل و جدید ٹیکنالوجیکل صلاحیت کو 75 فیصد کی بلند ترین سطح پر لایا جائے گا۔
سیف سٹیز اور انٹیلی جنس آپریشنز: صوبے کے متعدد حساس شہروں کو فوری طور پر سیف سٹی پروجیکٹس میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ 10 ضلا ع میں خصوصی سیکیورٹی سینٹرز قائم کر کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کی رفتار کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واشگاف الفاظ میں اعلان کیا کہ صوبے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ العمل کی جا چکی ہے۔ ریاستِ پاکستان کی جانب سے امن کے دشمنوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے سیاسی عناصر کو کڑے الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) یا کسی بھی دوسری جماعت نے مذہبی مدارس یا معصوم طلبہ کو اپنے سیاسی مقاصد یا احتجاجی سیاست کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز اور سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔





