ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی میٹا نے فیس بک اور انسٹاگرام کے کاروباری صارفین سے متعلق متنازع پالیسی پر اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
کمپنی کو نئی شرائط متعارف کرانے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا تھا۔ ان شرائط کے تحت میٹا کو کاروباری اکاؤنٹس سے منسلک ویب سائٹس کا مواد حاصل کرنے اور اسے اپنے مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی تیاری اور بہتری کے لیے استعمال کرنے کا اختیار مل سکتا تھا۔
اکتوبر کے وسط میں اس پالیسی کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد امریکا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میں مخالفت شروع ہوگئی تھی۔
سیاست دانوں، پبلشرز اور کاروباری شخصیات نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نئی شرائط سے ویب سائٹس پر شائع ہونے والے مواد کے مالکان کے حقوق اور اختیارات متاثر ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گاڑی خریدنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری، نئی آٹو پالیسی کا اعلان ہو گیا
ناقدین کا کہنا تھا کہ کاروباری صارفین کو میٹا کے پلیٹ فارمز پر اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے اپنی ویب سائٹس کے مواد پر کنٹرول سے دستبردار ہونے کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بڑھتی ہوئی مخالفت کے بعد میٹا نے اپنے مؤقف میں نرمی پیدا کرنے کی کوشش کی اور نئی شرائط میں بھی ردوبدل کیا۔ کمپنی نے ایک مرحلے پر پالیسی سے لفظ ’’ٹریننگ‘‘ یعنی تربیت بھی حذف کر دیا تھا، تاہم اس اقدام سے صارفین کے خدشات مکمل طور پر ختم نہ ہوسکے۔
بالآخر مسلسل تنقید کے بعد کمپنی نے متنازع تبدیلی سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کرلیا۔





