اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ انفلوئنزا اور میننجائٹس ویکسینز کی رجسٹریشن اور فیس وصولی کی سہولت عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے۔
نادرا کے مطابق بارڈر ہیلتھ مینجمنٹ کی ہدایات کی روشنی میں پاک آئی ڈی اور ای سہولت کے ذریعے فراہم کی جانے والی یہ سروس فی الحال دستیاب نہیں ہوگی۔
ادارے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ویکسین سے متعلق مزید معلومات اور رہنمائی کیلئے براہِ راست بارڈر ہیلتھ مینجمنٹ سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب نادرا نے پہلی مرتبہ قومی شناختی کارڈ بنوانے والے ایسے افراد کیلئے بھی طریقہ کار واضح کردیا ہے جنہوں نے ب فارم نہیں بنوایا۔
یہ بھی پڑھیں : اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر! نادرا نےاہم مشکل حل کر دی
نادرا کے پوڈکاسٹ میں ترجمان سید شباہت علی نے بتایا کہ جن افراد کے پاس پیدائشی سرٹیفکیٹ موجود ہے لیکن انہوں نے کبھی ب فارم نہیں بنوایا، وہ 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد براہِ راست کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔
ترجمان نے اس حوالے سے شناختی کارڈ کے حصول کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔
نادرا کی ان وضاحتوں کا مقصد شہریوں کو شناختی دستاویزات کے حصول اور مسافروں کو ویکسین رجسٹریشن کی سہولت سے متعلق تازہ صورتحال سے آگاہ کرنا ہے۔





