عوام جان چکے ہیں دوست کون اور دشمن کون ہیں وہ دور گزر گیا جب لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے پروپیگنڈا کرتے تھے، امیر مقام

بٹ خیلہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وہ دور گزر چکا ہے جب لوگ اپنی سیاست چمکانے کے لیے پروپیگنڈا کیا کرتے تھے، اب صوبے کے عوام جان چکے ہیں کہ ان کے دوست کون اور دشمن کون ہیں۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو ورغلایا، جس کے نتیجے میں 9 مئی کا واقعہ پیش آیا، اس روز پی ٹی آئی کارکنوں نے ریاست کے خلاف نعرے لگائے، تاہم آج بٹ خیلہ کے عوام افواج پاکستان کے حق میں نعرے بلند کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے اس بڑے اجتماع نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔ صوبے کے عوام نے واضح کردیا ہے کہ ہم کل بھی ایک تھے اور آج بھی ایک ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے 13 سال میں خیبرپختونخوا کا ستیاناس کیا، اب ہم ٹھیک کر رہے ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی کی سابق صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ 13 سال کے دوران صوبے میں صرف لوٹ مار اور کرپشن کی گئی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور عوام کا پیسہ عوام ہی پر خرچ ہوگا۔

Scroll to Top