فضل الرحمان کا بیانیہ کسی بھی محب وطن سیاسی جماعت کا بیانیہ نہیں، پی ٹی آئی کے بعد اب فضل الرحمان بھی وہی طرزِ سیاست اپنا رہے ہیں، ارباب خضر حیات

مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیانیہ کسی محب وطن سیاسی جماعت کا بیانیہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کبھی وہ پاک فوج اور معدنی وسائل کے حوالے سے الزامات لگاتے ہیں، کبھی ڈیجیٹل میڈیا مالکان اور چینلز کے سی ای اوز کو نشانہ بناتے ہیں، سمجھ نہیں آتا کہ مولانا صاحب آخر چاہتے کیا ہیں۔

ارباب خضر حیات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی اور بدامنی کا شکار ہے، مولانا کو چاہیے کہ امن کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مثبت تجاویز دیں۔ مفتی محمود مرکز بھی تجاوزات میں شامل ہے، مولانا کو خود آگے بڑھ کر تجاوزات ختم کرنی چاہئیں تھیں تاکہ مثال قائم ہوتی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ڈی ایم حکومت میں مولانا نے اپنے صاحبزادے کے لیے اہم وزارت اور خیبرپختونخوا کی گورنر شپ مانگی تھی، جبکہ اب حکومت میں حصہ نہ ملنے پر سخت بیانات دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عجب کرپشن کی غضب داستان، فضل الرحمٰن اور ان کے بھائی کے اثر و رسوخ سے افغان ریفیوجیز کمشنریٹ کے سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال کا انکشاف

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بعد مولانا کی جماعت بھی وہی طرزِ سیاست اپنا رہی ہے۔ عوام ریاست اور پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان ریاست مخالف بیانات سے گریز کریں اور ملک و صوبے کے مفاد میں کردار ادا کریں، بصورت دیگر کسی بھی کارروائی کی ذمہ داری ان پر ہوگی۔

Scroll to Top