ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو سخت ترین الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خطے میں دوبارہ جنگ کا آغاز کیا گیا تو ایران بغیر کسی ہچکچاہٹ کے بھرپور اور دندان شکن جوابی کارروائی کرے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے اہم اور تفصیلی بیان میں عباس عراقچی نے امریکی سیاسی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکی ووٹرز اپنا حتمی فیصلہ سنا چکے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس بھی اپنے مستقبل کے لائحہ عمل اور پالیسی کا شفاف فیصلہ کرے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ تہران کی جانب سے پیش کی گئی امن تجویز اب بھی اپنی جگہ برقرار ہے جس کے تحت اگر خطے کے تمام محاذوں پر جنگ کے خاتمے سمیت ایرانی شرائط کو پورا کیا جائے تو مثبت نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر واشنگٹن نے سفارتکاری کے بجائے دوبارہ ملٹری فورس اور جنگ کا راستہ منتخب کیا تو اسے شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
عباس عراقچی نے مزید انکشاف کیا کہ ایران خطے میں امریکی مفادات یا اہداف کے خلاف کسی قسم کا نرم رویہ یا رعایت اختیار نہیں کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ امن منصوبہ: ٹرمپ کا یاہو کو منصوبے پر فوری پر عملدرآمد کا حکم!
انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں بعض امریکی اہداف صرف رسمی فوجی اڈوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ ان سے باہر بھی ایسے حساس مواقع موجود ہیں جو ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کے حملوں کی براہِ راست زد میں آ سکتے ہیں۔





