وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 9 نومبر 2026ء کے موقع پر مفکرِ اسلام اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے 149 ویں یومِ پیدائش پر انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک اہم اور تاریخی اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان علامہ اقبالؒ کی ولادت کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز کر رہی ہے جو 9 نومبر 2026ء سے لے کر اگلے سال 9 نومبر 2027ء تک پورے سال قومی اور بین الاقوامی سطح پر شاندار انداز میں جاری رہیں گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ان تقریبات کے تحت بین الاقوامی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی مذاکرے، ادبی میلے، نمائشیں، تعلیمی مقابلے اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی تاکہ علامہ اقبالؒ کے فکری ورثے کو نئی نسل اور عالمی برادری تک موثر انداز میں منتقل کیا جا سکے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں جداگانہ قومی شناخت اور سیاسی شعور بیدار کر کے تحریکِ پاکستان کی بنیادہیں رکھیں۔ ان کا تصورِ خودی افراد اور اقوام کو خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کے ذریعے اپنی تقدیر بدلنے کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقبالؒ کے تصورِ شاہین میں جرأت، خودمختاری، بلند پروازی اور حصولِ کمال کا عزم پوشیدہ ہے، جو ہمارے نوجوانوں کو ملکی ترقی کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ترغیب دیتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق فکرِ اقبالؒ نفرت، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور امتیازی سلوک کی سخت نفی کرتی ہے اور پائیدار قومی ترقی کے لیے امن، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کی داعی ہے۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی سطح پر مسلم اتحاد، عالمگیر اخوت اور پُرامن بقائے باہمی کا پیغامِ اقبالؒ آج بھی بے پناہ اہمیت کا حامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ شروع ہوئی تو دندان شکن جواب دیں گے: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی
پاکستان، علامہ اقبالؒ کی فکری رہنمائی میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور عالمی تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ فکرِ اقبالؒ کو ملک کے تمام تعلیمی اداروں، قومی مباحث اور پالیسی سازی کا بنیادی حصہ بنایا جائے۔





